حیدر آباد،ادارہ ترقیات اور اس کے شعبہ واسا کے مستقل اور عارضی ملازمین کی بقایہ رہنے والی 7ماہ کی تنخواہیں بھی فوری طورپر ادا کی جائیں ،عہدیداران آل ایچ ڈی اے آفیسرز اینڈ آفیشل ویلفیئر ایسوسی ایشن

جمعرات 21 جنوری 2021 23:28

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جنوری2021ء) آل ایچ ڈی اے آفیسرز اینڈ آفیشل ویلفیئر ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری شاہ نواز قریشی نے وزیراعلیٰ سندھ، وزیر بلدیات، سیکریٹری بلدیات اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ادارہ ترقیات اور اس کے شعبہ واسا کے مستقل اور عارضی ملازمین کی بقایہ رہنے والی 7ماہ کی تنخواہیں بھی فوری طورپر ادا کی جائیں تاکہ مہنگائی کے اس دور میں ملازمین اپنے بچوں کی کفالت باآسانی کرسکیں۔

انہوں نے کہاکہ اب جبکہ اسکول بھی کھلنے والے ہیں ، تنخواہیں نہ ملنے کی وجہ سے ملازمین اسکولوں کی فیسیں بھی ادا نہیں کرپائے ہیں اور بچوں کیلئے کورسز کی خریداری بھی ان کیلئے مسئلہ بنی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پورے مہینے اپنی ڈیوٹی انجام دینے والے ملازمین کو کئی کئی ماہ کی تنخواہیں اور ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن نہ دینا قانونی اور اخلاقی طورپر زیادتی ہے ۔

(جاری ہے)

پہلے ہی بجلی ، پیٹرول، گیس اور دیگر ضروریات زندگی کی اشیاء کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہورہا ہے اوپر سے بروقت تنخواہیں نہ ملنے سے یہ ملازمین اور ان کے بچے ذہنی اور جسمانی اذیت سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ادارہ ترقیات حیدرآباد جوکہ حیدرآباد کے 30لاکھ شہریوں کو پانی ، نکاسی آب سمیت دیگر سہولیات فراہم کرتا ہے اس ادارے کے مالی بحران کے پیش نظر صوبائی حکومت فوری طورپر خصوصی گرانٹ جاری کرے تاکہ شہر میں پانی اور سیوریج کی بوسیدہ لائنوں کو بھی تبدیل کیا جاسکے اور دیگر ضروری کام جو وسائل نہ ہونے کی وجہ سے برسوں سے التواء کا شکار ہیں جن کی وجہ سے شہریوں کو نقصان ہورہا ہے وہ حل کئے جاسکیں

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں