جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد کے تحت کمر توڑ مہنگائی اور حیدرآباد میں جاری گیس کی لوڈشیڈنگ کے خلاف مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے

جمعہ 22 جنوری 2021 23:18

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2021ء) جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد کے تحت کمر توڑ مہنگائی اور حیدرآباد میں جاری گیس کی لوڈشیڈنگ کے خلاف مختلف مقامات مسجد وقباء ہیر آباد پر ڈپٹی جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی سندھ عبدالوحیدقریشی ، ضلعی امیر عقیل احمد خان، جماعت اسلامی زون شمالی کے امیر اقبال قریشی، سبزی منڈی چوک پر جماعت اسلامی کے ضلعی امیر ڈاکٹر سیف الرحمن ، زون حالی روڈ کے امیر اسحاق خان ، جامع مسجد پھلیلی پرجماعت اسلامی کے ضلعی نائب امیر عبدالقیوم شیخ، زون پھلیلی کے امیر عدنان دانش ، اسلام آباد چوک پر سابق ضلعی امیر مشاق احمد خان، زون آفندی کے امیر عامر فاروق اور مبارک مسجد لطیف آباد نمبر8پرضلعی جنرل سیکریٹری حیدرآباد ظہیر الدین شیخ ، زون B کے امیر ناصر علی کاظمی اور زون کوہسار کے امیر محمد یحیٰ شیخ کی قیادت میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔

(جاری ہے)

ہیر آباد میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی جنرل سکریٹری جماعت اسلامی سندھ عبدالوحید قریشی نے کہا کہ مہنگائی سے سب سے زیادہ نقصان غریب عوام کو ہوا ہے اورعوام سے جینے کا حق بھی چھینا جارہاہے، ہر چیز کے مہنگے ہونے پر عوام کی پریشانی بڑھتی جا رہی ہے۔ حکمران طبقے کی آپسی نورا کشتی کی آڑ میں غریب محنت کش عوام پر اربوں روپے سے بھی زیادہ کا ٹیکس لگایا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ گیس نہ ہونے سے عوام مشکلات میں مبتلا ہے، گیس کی بندش سے گھریلو صارفین کے چولہے سرد پڑ گئے، ہانڈی روٹی کی تیاری بھی مسئلہ بن گئی، جبکہ علی الصبح گیس نہ ہونے سے ملازمت پیشہ طبقہ بغیر ناشتے کے گھروں سے جانے پر مجبور ہے شدید سردی میں گیس ہیٹر نہ جلنے سے بچے بوڑھے اور مریض سردی سے ٹھٹھرنے لگے ہیں ، گیس نہ آنے سے مساجد میں لوگ شدید سردی میں ٹھنڈے پانی سے وضو کرنے پر مجبور ہیں۔

گیس پریشر کا مسئلہ کئی ماہ سے حل طلب ہے لیکن کوئی مسئلہ حل نہ ہوسکا، موسم سرد ہونے کے باوجود حیسکو کی طر ف سے بھی ظالمانہ لوڈ شیڈنگ کا بھی سلسلہ شروع ہوگیا۔بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ سے کاروباری طبقہ بھی بہت پریشان ہے موسم سرما میں بجلی کی طویل ترین لوڈشیڈنگ سمجھ سے بالاتر ہے، بجلی،گیس کی بندش سے شہری آبادی کے مسائل میں اضافہ ہوگیا،جبکہ ممبران اسمبلی نے ان مسائل پر شہریوں کو تنہاچھوڑ کر چشم پوشی اختیار کر رکھی ہے، انہوںنے مطالبہ کیا کہ گیس کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ ختم کیا جائے، حکومت مہنگائی کا خاتمہ کرے اور عوام کے مسائل کے خاتمے کے لیے اقدامات کریں۔

احتجاجی مظاہرے سے نائب امراء جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد ڈاکٹر سیف الرحمن اور عبدالقیوم شیخ نے بھی خطاب کیا۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں