عمر کوٹ کی صوبائی نشست پر میں جی ڈی اے اور پی ٹی آئی کا مشترکہ امیدوار تھا، ارباب غلام رحیم

میں نے وزیراعظم اور گورنر سندھ پر ہرانے کا الزام نہیں لگایا البتہ یہ ضرور کہا تھا کہ وزیراعظم اور وفاقی حکومت اپنے امیدواروں اور ووٹروں کو اگر سنبھال نہیں سکتے تو الیکشن کیوں لڑاتے ہیں، سابق وزیراعلیٰ سندھ

ہفتہ 23 جنوری 2021 23:46

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2021ء) جی ڈی اے کے مرکزی رہنما و سابق وزیراعلی ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے کہاہے کہ عمر کوٹ کی صوبائی نشست پر میں جی ڈی اے اور پی ٹی آئی کا مشترکہ امیدوار تھا میں نے وزیراعظم اور گورنر سندھ پر ہرانے کا الزام نہیں لگایا البتہ یہ ضرور کہا تھا کہ وزیراعظم اور وفاقی حکومت اپنے امیدواروں اور ووٹروں کو اگر سنبھال نہیں سکتے تو الیکشن کیوں لڑاتے ہیں۔

ایک بیان میں ارباب غلام رحیم نے عمر کوٹ کے ضمنی الیکشن میں وزیراعظم اور گورنر سندھ کی طرف سے ووٹ نہ دلانے کی خبروں کے حوالے سے وضاحت کی ھے ،انہوں نے کہا کہ الیکشن کے بعد پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت نے جس طرح ہمارے ووٹرز ہمدردوں غریب لوگوں کے خلاف انتقامی کاروائیاں کرتے شروع کر رکھی ہیں ان کو روکنے کے لئے وفاقی حکومت اور عمران خان اگر اپنا کردار ادا نہیں کرتے تو ان کی طرف سے آئندہ کوئی امیدوارکس طرح الیکشن لڑے گااور نہ ہی ووٹر اس کو ووٹ ڈالیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمر کوٹ کی نشست پر صوبائی وزیر نے بلاول کی موجودگی میں گیڈر بھبکی ماری تھی جس کے بعد رات کو ھی ھمارے ووٹروں پر یلغارکر دی گئی ،ارباب غلام رحیم نے کہا میں نے اسی لئے یہ بات کہی تھی کہ ووٹرز کو پیپلزپارٹی کی انتقامی کاروائیوں سے بچایا جائے اگر یہ کہنا غلط ھے انہوں نے کہا کہ میں عمرکوٹ کے عوام کا بے حد مشکور ہوں جنہوں نے مجھے 30 ہزار اصل ووٹ دیئے جو خطرہ مول لے کر ووٹ دینے آئے پیپلز پارٹی نے سرکاری طاقت ،دھاندلی، پیسے پولیس ار او اور ڈی ار اوز کے زور پر ووٹ ڈلوائے ،اور اب فرعونیت کا مظاھرہ کرتے ھوئے ہمارے ووٹروں کے خلاف انتقامی کاروائیاں کر رہی ہے۔

انتقامی کاروائیاں بند کی جائیں۔ ورنہ ہم اپنے ووٹروں کا تحفظ کرنا اچھی طرح جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے ووٹروں کے خلاف انتقامی کاروائیاں بند نہ کی گئی تو احتجاج کا دائرہ وسیع کریں گے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں