جب تک صنعتکاروں کے مسائل حل نہیں ہوں گے ملک ترقی نہیں کرسکتا اور نہ روزگار کے مواقع میسر آسکتے ہیں،صوبائی سیکریٹری محکمہ انڈسٹریز و کامرس

ہفتہ 23 جنوری 2021 23:46

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2021ء) سیکریٹری محکمہ انڈسٹریز و کامرس سندھ محمد ریاض الدین قریشی نے کہا ہے کہ جب تک صنعتکاروں کے مسائل حل نہیں ہوں گے ملک ترقی نہیں کرسکتا اور نہ روزگار کے مواقع میسر آسکتے ہیں، حیدرآباد سائٹ انڈسٹریل زون کے مسائل کا جائزہ لینے کے لئے وہ حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے عہدیداران اور صنعتکاروں کے ساتھ خود دورہ کریں گے اور جائزہ لے کر اُن کے حل کا لائحہ عمل تیار کریں گے۔

وہ صدر چیمبر سلیم الدین قریشی کی دعوت پر چیمبر کانفرنس میں چیمبر کے عہدیداروں و ارکان ایگزیکٹیو کمیٹی سے خطاب کررہے تھے، محمد ریاض الدین قریشی نے کہا کہ اِس وقت اصل صنعتکاروں کے بجائے رئیل اسٹیٹ سے متعلق لوگ بھی انڈسٹری کے پلاٹوں میں ملوث ہوگئے ہیں جن کا صنعت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

(جاری ہے)

وہ اِس بات کا مکمل جائزہ لے کر پلاٹوں کی الاٹمنٹ سے قبل سخت شرائط عائد کریں گے جو صنعتکاروں پر کوئی وزن نہ ہوں گے لیکن غیر متعلقہ لوگوں پر بھاری ہوں گے۔

اُنہوں نے کہا حکومتوں کے پاس سرمایہ کی کمی کے سبب وہ تجویز کریں گے پرائیویٹ پبلک پارٹنرشپ کے مشترکہ منصوبہ جات کے تحت آگے بڑھا جائے اور صنعت و تجارت کو فروغ دیا جائے۔قبل ازیں چیمبر سیکریٹریٹ آمد پر معزز مہمان کا پُر تپاک استقبال کیا گیا اور صدر چیمبر نے اپنے سپاسنامہ میں فلٹر پلانٹ کو فعال کرنے، اے سیریز میں ڈرینج سسٹم کو بحال کرنے، واٹر سپلائی کی غلط بلنگ کی دُرستی، 34 پلاٹوں کی آدھی قیمت لینے کے باوجود قبضہ جات نہ دینے، تجاوزات کے خلاف کارروائی، سیوریج سسٹم کے پانی کا تدارک، اسٹریٹ لائٹ کا بندوبست، سڑکوں اور نالے نالوں کی تعمیر و مرمت اور مسائل کے حل کے لئے صدر چیمبر کی سربراہی میں چیمبر اور سائٹ کے نمائندوں پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل کے مطالبات شامل تھے، اِس موقع پر سابق صدر دولت رام لوہانہ نے بھی خطاب کیا اور چیمبر کے دفتر کے لئے بلڈنگ کی الاٹمنٹ سے متعلق تجویز پیش کی، سکندر علی راجپوت، محمد شاہد قائم خانی، پرویز فہیم نوروالا اور عبدالرحمن راجپوت نے بھی صنعتکاروں کے مسائل کے حل کے لئے تجاویز پیش کیں، سینئر نائب صدر محمد الطاف میمن نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا، اِس موقع پر نائب صدر احمد ادریس چوہان، سابق صدر محمد اکرم انصاری، ارکان ایگزیکٹیو کمیٹی محمد الناصر، چوہدری محمد اسلم، محمد فہد میاں، وشنو مل، اراکین جنرل باڈی عمر طارق، محمد شریف پونجانی، پہلاج رائے، محمد اکرم آرائیں اور شیخ غلام رسول موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں