پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، ڈویژنل کمشنر حیدرآباد

پیر 25 جنوری 2021 19:05

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جنوری2021ء) ڈویژنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے کہا ہے کہ پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے جبکہ حیدرآباد ڈویزن کے مختلف اضلاع میں پولیو کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات کیے جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج اپنے دفتر میں ویڈیو لنک کے ذریعے ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز سے ڈویژنل پولیو ٹاسک فورس کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ڈویزنل کمشنر حیدرآبادنے تمام ڈی سیز کو ہدایت کی کہ اضلاع میں موجود انکاری کیسز کو زیروتک لایا جائے اور معمول کے حفاظتی ٹیکوں کے عمل کو زیادہ سے زیادہ بہتر بنایا جائے ۔ ڈویژنل کمشنر حیدرآبادنے تمام ڈی سیز کو ہدایت کی کہ وہ اضلاع میں موجود سہولت مراکز کی کارکردگی کے متعلق تفصیلی رپورٹ جمع کرائیں اور جن سہولت مراکز پر سہولیات یا عملے کی کمی ہے تو اس سے متعلق تفصیل تحریر کریں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈویژنل کمشنر حیدرآباد نے کہا کہ کم کارکردگی والی یونین کونسلز میں مسائل کی نشاندھی کی جائے اور ان کو جلد حل کر کے کارکردگی کو بہتر بنایا جائے۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر ٹو طاہر میمن کی جانب سے ڈویژن کے تمام اضلاع کی کارکردگی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ 2017میں حیدرآباد ڈویژن میں پولیو کا کوئی بھی کیس موجود نہیں تھا جبکہ ماحولیاتی سیمپل بھی نیگیٹو تھا اور اس کے بعد لوگوں کی زیادہ آمدورفت کی وجہ سے حیدرآباد میں پچھلے سال دسمبر میں تلسی داس روڈ سے سیمپل پازیٹو آیا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ حیدرآباد ڈویژن کو پولیو فری بنائیں۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو کی جانب سے حیدرآباد کے تمام تعلقوں کے مائکرو پلان اور پولیو کارکردگی کے متعلق اجلاس کو آگاہ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ انکاری کیسز کو کافی حد تک راضی کیا گیا ہے جبکہ کارکردگی مزید بہتر بنانے کیلئے کوششیں کی جائیں گی۔ اجلاس میں ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے اپنے اضلاع میں پولیو اور معمول کے حفاظتی ٹیکوں سے متعلق کارکردگی رپورٹ پیش کی۔

ڈویژنل کمشنر حیدرآبادمحمد عباس بلوچ نے ڈویزن کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ پولیو کے خلاف جاری مہم میں بہترین کارکردگی دکھانے والے پولیو ورکرز کو ایوارڈ دیں تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہو سکے جبکہ پولیو کے خلاف مہم کی سو فیصد کوریج ، انکاری کیسز کو آمادہ کرنے اور غیر موجودبچوں پر توجہ دیں کیونکہ پولیو کا خاتمہ قومی فریضہ ہے اس میں کوئی بھی غفلت ہماری نوجوان نسل کے مستقبل سے کھیلنے کے مترادف ہے اس لیے پولیو کے خلاف مہم میں کسی بھی غفلت کو برداشت نہیں کیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں