سندھ کی ترقی میں زراعت کا بنیادی کردار ہے ، جتنی زیادہ زراعت ترقی کرے گی ، اتنا ہی صوبہ ترقی کرے گا ، نثار احمد کھوڑو

پیر 8 فروری 2021 23:50

ٹنڈوجام(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 فروری2021ء) یونیورسٹیز اور بورڈز کے صوبائی مشیر نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ سندھ کی ترقی میں زراعت کا بنیادی کردار ہے ، جتنی زیادہ زراعت ترقی کرے گی ، اتنا ہی صوبہ ترقی کرے گا ، انہوں نے زرعی یونیورسٹی کے دورے کے دوران وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری سے ملاقات کی۔ اس موقع انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ، زراعت اور لائیو اسٹاک سیکٹر کی ترقی کا خواہاں ہیں ،اور ہم چاھتے ہیں کہ زرعی شعبے میں زرعی یونیورسٹی کے ساتھ مختلف منصوبوں پر مشترکہ تحقیق کی جائے، انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک میں گوشت کی برآمد کے مواقع موجود ہیں، اس تناظر میں زرعی یونیورسٹی اپنے موجودہ سلاٹر ہاس کو جدید انداز میں توسیع دے اور گوشت کی تازگی ، پیکنگ اور ایکسپورٹ کے حوالے سے تربیتی پروگرامز شروع کئے جائیں، تاکہ کسانوں کو مالی فائدہ حاصل ہوسکے، انہوں نے کہا کہ زمین کی بہتر تیاری، پانی کا مناسب انتظام اور زرعی مشینری کے استعمال سے فصلوں کی بہتر پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا بہترین بیجوں کی توسیع اور نئی اجناس کی تیاری میں نجی شعبے سمیت مختلف صوبائی اداروں اور زرعی یونیورسٹی کا اہم کردار ہے ،زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی کا زراعت اور جانوروں کی تحقیق پر بہت زیادہ توجہ مرکوز کررہی ہے اور اس کے ساتھ ہی تدریسی ذمہ داریوں کو بھی پورا کررہی ہے ، خاص طور پر کاشتکاروں کو اچھا بیج مہیا کرنے ، مویشیوں کے نایاب اور موروثی نسل کی محفوظ کرنے اور ان بیماریوں سے نمٹنے کے لئے تحقیق کی جارہی ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ زرعی یونیورسٹی، سندھ اور ملک میں بہت سی زرعی اور لائیو اسٹاک سیکٹر میں اہم ادا کرتی ہیں اور ان تربیت یافتہ گریجویٹس اور ماہرین کی افرادی قوت فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی موسمیاتی تبدیلیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے نئی اجناس کی توسیع پر کام کر رہا ہے ، انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کو مالی مسائل کا سامنا ہے ،اس سے نمٹنے کے لئے متعدد منصوبے جاری ہیں ، جبکہ ملکی اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ مختلف معاہدوں پر بھی کام شروع کیا گیا ہے ، اور حکومت سندھ سے بھی توقع کی جارہی ہے کہ زرعی یونیورسٹیوں کو ملک کی ایک اعلی یونیورسٹیوں میں شامل کرنے کیلئے، اس ادارے کی معاونت کی جائے گی، اس موقع پرڈین ڈاکٹرقمرالدین چاچڑ ، ڈاکٹر سید غیاث الدین شاہ راشدی ، ڈاکٹر اعجاز احمد کھونھارو ، ڈاکٹر جان محمد مری ، ڈاکٹر عبد اللہ آریجو ، ڈاکٹر الطاف سیال ، ڈاکٹر محمد اسماعیل کمبھر اور دیگر مختلف تدریسی اور انتظامی شعباجات کے سربراہان بھی موجود تھے،صوبائی مشیر نے یونیورسٹی کے انفارمیشن ٹیکنالوجی سینٹر اور اینیمل ھسبنڈری اینڈ ویٹرنری سائنسز کی فیکلٹی میں موجود سلاٹر ھائوس کا دورہ بھی کیا،

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں