صوبائی حکومت فوری طورپر سندھ کے عوام کو ذخیرہ اندوزی او رمنافع خوروں سے نجات دلائے ،عمران قریشی

جمعہ 16 اپریل 2021 00:10

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2021ء) تحریک انصاف ضلع حیدرآباد کے صدر عمران قریشی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت فوری طورپر سندھ کے عوام کو ذخیرہ اندوزی او رمنافع خوروں سے نجات دلائی جائے۔ رمضان کے آتے ہی ہر چیز کی قیمتوں میں اضافہ کردیا جاتا ہے۔ دوکاندار، ٹھیلے اور کیبن والے روزہ داروں سے من مانی قیمتیں وصول کررہے ہیں لیکن انتظامیہ غائب ہے۔

کسی طرح کی کوئی شنوائی نہیں ہورہی ہے، فروٹ۔ گوشت۔ دودھ۔ سبزیوں سمیت روزمرہ استعمال کی دیگر اشیاء کی من مانی قیمتیں وصول کی جارہی ہیں، ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت نے غریب عوام کو ریلیف دینے کیلئے یوٹیلٹی اسٹوروں کے ذریعے روزمرہ کے استعمال کی اشیاء پر اربوں روپے کا ریلیف پیکیج دیا ہے جس سے ملک کے غریب عوام کو براہ راست فائدہ پہنچ رہا ہے لیکن صوبائی حکومت سوائے تنقید کرنے کے عملی اقدامات کرنے کو تیا رنہیں۔

(جاری ہے)

اس صورتحال کے باعث سندھ بھر کے عوام مہنگی اشیاء خریدنے پر مجبور ہیں، انہوں نے کہاکہ سندھ کی صوبائی حکومت کا کام صرف ٹیکس وصول کرنا اور ان کو اپنی ذات کیلئے استعمال کرنا ہے ۔ سندھ میں جس قدر کرپشن ہے اس کا اندازہ لگانا مشکل ہے۔ اس وقت پورے ملک میں سندھ سب سے زیادہ کرپٹ صوبہ بن چکا ہے جس کے وزراء، ارکان اسمبلی دن رات لوٹ مار میں مصروف ہیں لیکن غریب عوام کو جن کے ووٹوں سے وہ منتخب ہوکر اقتدار میں آتے ہیں کسی قسم کا ریلیف دینے کو تیار نہیں۔ آٹا، دودھ، اور دیگر اشیاء کی قیمتیں جس قدر آسمان سے باتیں کررہی ہیں اس کا حکومت کو اندازہ ہی نہیں ہے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں