وزیراعظم عوام کو بیوقوف بنانے کیلئے ہر بار سندھ میں پیکیج کا اعلان کرتے ہیں لیکن عملدرآمد نہیں ہوتا، عبدالجبار خان

جمعہ 16 اپریل 2021 23:45

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2021ء) پیپلزپارٹی کے رُکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عوام کو بیوقوف بنانے کے لئے ہر بار سندھ میں پیکیج کا اعلان تو کرتے ہیں لیکن ان کے اپنے ہی اعلان پر عملدرآمد نہیں ہوتا، وزیراعظم جب بھی سندھ کا دورہ کرتے ہیں عوامی اجتماعات میں بڑے دعوے اور عوام کو مراعات دینے کا اعلان کردیتے ہیں پھر عوام برسوں ان کے اعلان کے پورے ہونے کا انتظار کرتی رہتی ہے، کراچی پیکیج پر بھی وزیراعظم نے اب تک عملدرآمد نہیں کیا ہے اسی طرح تھرپارکر میں موبائل ہیلتھ یونٹ دینے کے علاوہ عوام کو ریلیف دیئے جانے کے بہت سے اعلان کئے لیکن وہ اعلان صرف دعوؤں کی حد تک رہے، ایک بیان میں عبدالجبار خان نے کہاکہ وزیراعظم سندھ کو صرف ٹیکس کی وصولی تک اہمیت دیتے ہیں باقی سندھ میں کسی بھی قسم کی کوئی سہولتیں دینے کو تیا رنہیں ہے، این ایف سی ایوارڈ کے تحت سندھ حکومت کی اربوں روپے کی رقم وفاق کے ذمہ ہے لیکن وہ ادا نہیں کی جارہی ہے جس سے سندھ میں ترقیاتی کام اور عوامی بہبود کے کام بری طرح متاثر ہورہے ہیں، انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت جب سے برسراقتدار آئی ہے اس نے سندھ کو مسلسل نظرانداز کیا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

سندھ کے عوام کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جارہا ہے، وفاقی حکومت کے منصوبے بھی سندھ میں براہ نام ہیں۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں