مختیارکار قاسم آباد ماجد خاصخیلی کے گھر پر شرپسندوں کے حملے میں مختیارکار اور ان کے بھائی کو بدترین تشدد کا نشانہ بنانے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

پیر 18 اکتوبر 2021 22:24

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2021ء) مختیارکار قاسم آباد ماجد خاصخیلی کے گھر پر شرپسندوں کے حملے میں مختیارکار اور ان کے بھائی کو بدترین تشدد کا نشانہ بنانے، گھر میں سامان کی توڑ پھوڑ اور ملزمان کی عدم گرفتاری کیخلاف آل ریونیو سندھ ایمپلائز ایسوسی ایشن کی جانب سے حیدرآباد سمیت سندھ بھر میں احتجاجا ہڑتال کی گئی، محکمہ ریوینیو کے دفاتر بند کر دیئے گئے جبکہ حیدرآباد میں شہباز بلڈنگ کے سامنے ٹھنڈی سڑک پر ڈی آئی جی پولیس حیدرآباد اور کمشنر آفس کے سامنے دھرنا دیا گیا جو دو گھنٹے جاری رہا جس کے باعث ٹریفک معطل ہو گئی۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے آل ریوینیو سندھ ایمپلائز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر سید سردار علی شاہ نے کہاکہ ہم مختیارکار کے گھر میں کام کرنے والے ملازم محمد عثمان سومرو کی موت پر بھی دکھ کا اظہار کرتے ہیں اور یہ سمجھتے ہیں کہ اس کے ورثا کو بھی انصاف ملنا چاہئے اور اس کی تحقیقات ہونی چاہئے لیکن اس واقعے کی آڑ میں شرپسند عناصر کی جانب سے مختیارکار ماجد خاصخیلی اور ان کے بھائی پر حملہ انہیں لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے شدید تشدد کا نشانہ بنانے میں ملوث شرپسندوں کو بھی گرفتارکیا جائے، انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اس واقعے کی تحقیقات کرے اور اس میں ملوث شرپسند حملہ آووروں کو گرفتار کیا جائے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں ریوینیو سندھ ایمپلائز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر سید سردار علی شاہ کی قیادت میں ایک وفد نے ڈی آئی جی پولیس حیدرآباد شرجیل کھرل اور ڈپٹی کمشنر فواد غفار سومرو، ایس ایس پی حیدآباد ساجد امیر سدوزئی سے کمشنر آفس میں ملاقات کی اور انہیں ملازمین کے جذبات اور مختیار کار پر کئے جانے والے بہیمانہ تشدد کے حوالے سے بتایا، ان کا کہنا تھا کہ آئے دن محکمہ ریوینیو کے افسران و ملازمین پر عوام اور بااثر افراد کی طرف سے حملے کئے جاتے ہیں۔

ان کے کاموں میں رکاوٹ پیدا کی جاتی ہے، ریاست کے احکامات پر عملدرآمد کی صورت میں انہیں دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے۔درایں اثنا سید سردار علی شاہ نے اعلان کیا کہ بدھ کو ایسوسی ایشن کی مرکزی باڈی اور حیدرآباد کے تمام عہدیداروں کا اجلاس ہو گا، بورڈ آف ریوینیو آفس میں جمعرات کو اس حوالے سے پریس کانفرنس میں آئندہ کا لائحہ عمل کا اعلان کیا جائیگا، جبکہ بدھ اور جمعرات تک تمام ملازمین احتجاجا بازوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر اپنے فرائض انجام دیں گے۔

حیدرآباد شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments