سیکریٹری ثقافت و سیاحت سندھ عبد الرحیم سومرو کی زیر صدارت اجلاس

شہباز ہال حیدرآباد میں تاریخی ورثہ قرار دی گئی عمارات کو محفوظ بنانے اور حیدرآباد میں سیاحتی مقامات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال ؒ محکمہ ثقافت 14نومبر سے حیدرآباد کے سیاحتی مقامات کا وزٹ کرانے کیلئے سرکاری سطح پر ایک بہترین ٹوئر کا اہتمام کر رہاہے جس میں پورے ملک کے لوگ خود کو رجسٹرڈ کروا کے محکمہ ثقافت کے تعاون سے شہر کے تمام سیاحتی مقامات گھوم سکتے ہیں: عبدالرحیم سومرو

جمعرات 21 اکتوبر 2021 23:56

ؒحیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اکتوبر2021ء) سیکریٹری ثقافت و سیاحت سندھ عبد الرحیم سومرو نے آج شہباز ہال حیدرآباد میں تاریخی ورثہ قرار دی گئی عمارات کو محفوظ بنانے اور حیدرآباد میں سیاحتی مقامات کو فروغ دلانے کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ ثقافت 14نومبر سے حیدرآباد کے سیاحتی مقامات کا وزٹ کرانے کیلئے سرکاری سطح پر ایک بہترین ٹوئر کا اہتمام کر رہاہے جس میں پورے ملک کے لوگ خود کو رجسٹرڈ کروا کے محکمہ ثقافت کے تعاون سے شہر کے تمام سیاحتی مقامات گھوم سکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ ثقافت اس ضمن میں سوشل میڈیا کے ذریعے ایک ورچوئل ٹوئر کا ماڈل پیش کریگاجس میں تمام مقامات کے متعلق تفصیلی معلومات بھی دی جائیگی ۔

(جاری ہے)

سیکریٹری ثقافت و سیاحت نے کہا کہ حیدرآباد اور گردو نواح کے شہروں میں موجود ثقافتی و سیاحتی مقامات پر سیاحت کو فروغ دلانے کیلئے محکمہ ثقافت ضلعی انتظامیہ سے ملکر ڈویزن کے مختلف شہروں کے مشہور مقامات کا ایک ٹوئر منعقد کر رہا ہے اور اس ضمن میں ضلعی انتظامیہ سے ہر ممکن تعاون کیا جائیگا ۔

انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں سیاحوں کی رہائش ، سیاحتی مقامات کے متعلق پمفلیٹ شایع کروا نے سمیت کوسٹر یا منی بس کے ذریعے تمام سیاحتی و ثقافتی مقامات کا سیر کرایا جائیگا ۔ اس موقع پر سیکریٹری ثقافت و سیاحت نے کہا کہ محکمہ ثقافت کی جانب سے ایک سیاحتی کمیٹی تشکیل دی جائیگی جو سیاحت کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کرنے کو یقینی بنائیگی۔

اجلاس میں کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے کہا کہ حیدرآباد تاریخی لحاظ سے ایک بڑا اہم شہر ہے جہاں کئی تاریخی عمارات موجود ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ سیاحت کے حوالے سے حیدرآباد اور گردو نواح کے شہروں میں کئی سیاحتی مقامات بھی ہیں جنہیں بہتر بناکر سیاحت کو فروغ دلانے کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں ۔ کمشنر حیدرآباد نے مزید کہا کہ محکمہ ثقافت اور ضلعی انتظامیہ اس حوالے سے نجی شعبوں کو بھی موقع فراہم کر رہا ہے تاکہ ہم اپنے شہر کی تاریخ کو زندہ رکھ سکیں ۔

کمشنر حیدرآباد نے مزید کہا کہ حیدرآباد میں بسنت ہال ، میروں کے قبے ، غلام شاہ کلہوڑو کی مزار ، مکھی ہاؤس ، حسرت موہانی لائبریری ، میٹھا رام ہاسٹل اور دیگر کئی تاریخی عمارات ہیں جنہیں بحال کیا گیا ہے اور دیگر عمارات پر بحالی کا کام جاری ہے اور اس ضمن میں مزید کوششیں کر کے حیدرآباد کے تاریخی ورثے کو محفوظ بنایا جائیگا تاکہ نہ صرف ہم اپنی قدیم تاریخ کو محفوظ بنا سکیں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ سیاحت کیلئے بھی مواقع فراہم کر سکیں ۔

کمشنر حیدرآباد نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ حیدرآباد کے تاریخی مقامات کے حوالے سے سول سوسائٹی سے ملکر ایک آگاہی واک کا اہتمام کیا جائے تاکہ عوام کو شہر کی تاریخ سے متعلق معلومات مل سکے۔ ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو نے اجلاس کو بریف کرتے ہوئے بتایا کہ حیدرآباد میں جو بھی تاریخی مقامات ہیں انہیں محفوظ بنانے کے ساتھ ساتھ ضلعی انتظامیہ کی کوشش ہے کہ سیاحت کیلئے شہر میں مختلف شعبوں کے لوگوں کو مدعو کیا جائیگا اور اس حوالے سے موثر انتظامات کر کے سیاحت کی صنعت کو بحال کرنے کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں ۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ نیاز اسٹیڈیم کی بحالی کے حوالے سے بھی بہت جلد وہاں ٹی ٹوئنٹی میچز کرائے جائیں گے تاکہ کرکٹ گراؤنڈ کو واپس کھیلوں کیلئے کھولا جا سکے ۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ تمام تاریخی مقامات پر کاؤنٹرز بنا کر سیاحوں کی آسانی کیلئے تمام تر انتظامات کیے جائیں گے اور اس ضمن میں تاریخی مقامات پر بل بورڈز اور پینافلیکس کے ذریعے معلومات ڈسپلے کی جائیگی جس میں عمارات کی تاریخی اہمیت اور دیگر متعلقہ معلومات تحریر ہوگی۔

ڈپٹی کمشنر نے سیکریٹری ثقافت و سیاحت عبد الرحیم سومرو کو حیدرآباد میں موجود تاریخی ورثہ قرار دی گئی تمام بحال کی جانے والی عمارات اور جن عمارات پر بحالی کا کام جاری ہے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر حیدرآباد سید سجاد حیدر ، ماہر آثار قدیمہ ڈاکٹر نیلو فر شیخ ، ڈائریکٹر ماجد بھرگڑی انسٹیٹیوٹ امر فیاض برڑو اور محکمہ سیاحت و ثقافت کے متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں