ڈالر کے نرخ بڑھنے سے چند لوگوں کو تو فائدہ ہو سکتا ہے لیکن اکثریت میں صرف نقصان ہی ہے ،حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز

آنے والے دنوں میں گیس بحران اور مہنگائی کی وجہ سے برآمدات شدید متاثر ہوگی، مہنگائی کی وجہ سے عام عوام میں قوت خرید نہیںرہی،الطاف میمن

ہفتہ 23 اکتوبر 2021 23:10

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2021ء) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر محمد الطاف میمن نے کہا ہے کہ ڈالر کے نرخ بڑھنے سے چند لوگوں کو تو فائدہ ہو سکتا ہے لیکن اکثریت میں صرف نقصان ہی ہے کیونکہ ہم الیکٹرک سامان، مشینری، پلاسٹک، آئل، بیج، کافی، دوائیاں اور بالخصوص اشیا خردونوش اور اجناس برآمد کرتے ہیں، برآمدات کا خام مال بھی درآمد کیا جاتا ہے، آنے والے دنوں میں گیس بحران اور مہنگائی کی وجہ سے برآمدات شدید متاثر ہوگی، مہنگائی کی وجہ سے عام عوام میں قوت خرید نہیںرہی اور ان لوگوں پر ملکی تاریخ کی بڑھتی ہوئی مہنگائی کا اثر بہت زیادہ ہوگا۔

وہ کنونیئرز سب کمیٹیز کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے، محمد الطاف میمن نے کہا کہ حکومت نے پاکستان کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے تب ہی تو آئی ایم ایف کی تمام شرائط مان کر معیشت کو نقصان پہنچایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر کے مضحکہ خیز بیان کے بعد تاجروں کی دل آزاری ہوئی اور تاجر برادری میں فکر کی لہر بھی دوڑ گئی، انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کی جانب سے جو تاجر دشمن پالیسی کی وجہ سے چھوٹے تاجر سخت پریشان ہیں، چھوٹے دکانداروں کو سیلز ٹیکس رجسٹریشن کے نوٹس ملنے شروع ہوگئے ہیں جبکہ گلی محلے کے دکانداروں کو پی او ایس کی تنصیب کے نوٹس بھی دیئے جارہے ہیں۔

سینئر نائب صدر محمد ادریس میمن اور نائب صدر مسرور اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نظرِ ثانی کرے، اِس وقت جو پیٹرول کی قیمت حکومت نے مقرر کی ہوئی ہے وہ ملکی تاریخ کے ریکارڈ میں سرفہرست ہے، انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد سے سندھ حکومت اپنی طرف سے سندھ کی عوام کو ریلیف فراہم کرے، اِجلاس نے حکومت پاکستان سے پرزور الفاظ میں مطالبہ کیا کہ ڈالر کی اونچی اڑان پر قابو پایا جائے، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر کو مستحکم بنایا جائے، معیشت کو سنبھالنے کے لئے اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر سود مند پالیسیاں مرتب کی جائیں اور ایف بی آر نے جو تاجر دشمن پالیسیاں بنائیں ہیں ان پر دوبارہ نظر ثانی کی جائے، اِجلاس میں سابق صدور سلیم الدین قریشی، دولت رام لوہانہ، محمد اکرم انصاری، اراکین ایگزیکٹیو کمیٹی محمد عارف میمن، چوہدری محمد اسلم، شیخ احمد حسین، محمد اقبال عاربیانی، وشنو مل، شفقت اللہ میمن، ڈاکٹر محمد اسماعیل فاروق نامی، کنونیئرز سب کمیٹیز سکندر علی راجپوت، محمد یاسین خلجی، محمد سہیل میمن ودیگر حضرات موجود تھے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں