ٹریفک سیکشن سٹی پکا قلعہ کے اہلکار بنا جواز چالان کرکے ریکوری کی آڑ میں لوٹ ماری کا بازار گرم کئے ہوئے ہیں،شاہدسومرو

ہفتہ 23 اکتوبر 2021 23:11

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2021ء) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن(ایپکا)کے صوبائی سیکریٹری اطلاعات شاہد سومرو نے ٹریفک پولیس اہلکاروں کی طرف سے تشدد کا نشانہ بنانے پر سخت احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹریفک سیکشن سٹی پکا قلعہ کے اہلکار بنا جواز چالان کرکے ریکوری کی آڑ میں لوٹ ماری کا بازار گرم کئے ہوئے ہیں، چالان کا سبب پوچھنے پر شہریوں کو دھکے دے کر دفتر سے نکال دیا جاتا ہے، ایک بیان میں انہوں نے بتایا کہ سٹی ٹریفک پولیس سیکشن پکا قلعہ حیدرآباد کے اطراف میں غریب مزدور جن کی جیب میں 50 روپے بھی بمشکل ہوتے ہیں انہیں 500 روپے کا چالان بناکر دے دیا جاتا ہے ان پر ون وے کی خلاف ورزی اور دیگر الزامات لگائے جاتے ہیں، انہوں نے مظلوم افراد کی تھانے کے سامنے ویڈیو بنائی تو ٹریفک اہلکار بپھر گئے اور ٹریفک سیکشن افسر نے مجھے آفیس میں گلے سے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا زرد کوب کیا اور اہلکاروں نے موبائیل چھین کر ویڈیو ڈیلیٹ کردی، انہوں نے کہا کہ پولیس کے ایسے عوام دشمن اقدامات کی وجہ سے محکمہ پولیس بدنام ہوتا ہے اور عوام ان کے دفاتر میں جانے سے خوفزدہ رہتے ہیں، ایس پی ٹریفک ایسے عوام دشمن ٹریفک اہلکاروں کے خلاف ایکشن لیں تاکہ عوام کی تذلیل کا سلسلہ بند ہوسکے، شاہد سومرو نے کہا کہ کیا ایس پی حیدرآباد نے ان اہلکاروں کو شہر حیدرآباد کے مظلوم غریب لوگوں کی تذلیل کرنے کے لئے مقرر کیا ہے، فوری طور ان اہلکاروں کے خلاف محکمہ جاتی کاروائی عمل میں لائی جائے۔

حیدرآباد شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments