ایم اینڈ آر کے تحت جاری ترقیاتی اسکیموں کو بروقت اور شفافیت کے ساتھ مکمل کیا جائے گا: ڈویژنل کمشنر حیدر آباد

ایم اینڈ آر کی اسکیموں کی موثر نگرانی کیلئے ایک مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دیں جس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو شامل کیا جائے جس کی پیش رفت سے مجھے ہر ہفتہ آگاہ کیا جائی: محمد عباس بلوچ کی اجلاس کی صدارت کے دوران ہدایت

بدھ 27 اکتوبر 2021 23:59

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اکتوبر2021ء) ڈویژنل کمشنر حیدرآبادمحمد عباس بلوچ نے کہا ہے کہ ایم اینڈ آر کے تحت جاری ترقیاتی اسکیموں کو بروقت اور شفافیت کے ساتھ مکمل کیا جائے گا تاکہ عوام ان ترقیاتی اسکیموں کے ثمرات حاصل کر سکیں ۔ انہوں نے یہ بات آج اپنے دفتر شہباز بلڈنگ حیدرآباد میں ایم اینڈ آر کے تحت ڈسٹرکٹ حیدرآباد اور ڈسٹرکٹ ٹنڈو الہیار میں جاری ترقیاتی اسکیموں کی پیش رفت سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو ، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ثناء اللہ رند ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹنڈو الہیار اختر علی شیخ ، سپرٹینڈنٹ انجینئر پروونشل سرکل حیدرآباد، سپرٹینڈنٹ انجینئر ورکس اینڈ سروسز ڈیپارٹمنٹ سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے ڈپٹی کمشنر حیدرآباد اور ٹنڈو الہیار کو ہدایت دی کہ وہ ایم اینڈ آر کی اسکیموں کی موثر نگرانی کیلئے ایک مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دیں جس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو شامل کیا جائے جس کی پیش رفت سے مجھے ہر ہفتہ آگاہ کیا جائے اور اس ضمن میں اپ ڈیٹ فوٹوز ارسال کئے جائیں اور ان اسکیموں میں حائل مسائل فوری حل کیے جائیں جبکہ غیر قانونی تجاوزات کا بھی خاتمہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں اولڈ سٹی ایریا اور ریلوے اسٹیشن کے سڑکوں کی حالت خراب ہے جسے فوری طور مرمت کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جو اسکیمیں فنڈز کی کمی کی وجہ سے التوا کا شکار ہیں ان کی سمری مرتب کی جائے۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ثناء اللہ رند نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حیدرآباد میں ایم اینڈ آر کے تحت ڈسٹرکٹ بلڈنگ حیدرآباد کی 31اسکیمیں ، ڈسٹرکٹ ہائی وے کی 24اسکیمیں اور پروونشل ہائی وے کی 26اسکیموں پر کام جاری ہے جبکہ ایم اینڈ آر کے تحت ڈسٹرکٹ ٹنڈو الہیار کی ڈسٹرکٹ بلڈنگ کی 6اسکیمیں ، ڈسٹرکٹ ہائی وے کی 7اسکیمیں اور پروونشل ہائی وے کی 21اسکیموں پر کام جاری ہے۔

بعد ازاں ڈویزنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ کی صدارت میں حیدرآباد کے تاریخی و سیاحتی مقامات کے فروغ کیلئے ایک اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو ، اسسٹنٹ کمشنر لطیف آباد صائمہ فاطمہ احمد ، محکمہ ثقافت کے افسران سمیت انڈس ہوٹل کے نمائندوں و دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں 14نومبر کو حیدرآباد کے سیاحتی و تاریخی مقامات پر سیاحوں کو دورہ کرانے کے انتظامات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اس موقع پر ڈویزنل کمشنر حیدرآباد نے متعلقہ اداروں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملکر روٹ میپ تیار کریں اور جن مقامات کا وزٹ رکھیں ان سے متعلق معلوماتی پمفلٹ بنائیں تاکہ روٹ میپ سمیت ان تمام تاریخی مقامات کی اہمیت کواجاگر کیا جا سکے۔ انہوں نے محکمہ ثقافت کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ ان تاریخی وسیاحتی مقامات پران کے نام سمیت مختصر تاریخ پر مبنی بورڈ آویزاں کریں اورٹوئرسٹ گائیڈ جوکہ ان تمام جگہوں کے متعلق معلومات رکھتا ہو کو کاروان کے ساتھ تعینات کریں تاکہ وہ سیاحوں کو ان مقامات کے متعلق اضافی معلومات فراہم کر سکیں ۔

انہوں نے مزید ہدایت دی کہ سیاحوں کے ناشتے اور کھانے میں ثقافتی کھانوں کا اہتمام کیا جائے ، سیاحوں کی دلچسپی کیلئے میوزیکل پروگرام منعقد کیا جائے اور ان مقامات پر ثقافتی ہینڈی کرافٹ کے اسٹالز بھی لگائے جائیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو مزید ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ 14نومبر سے قبل اس عمل کی پوری مشق کر لیں تاکہ بعد میں کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکی

متعلقہ عنوان :

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں