پیپلزپارٹی کی حکومت پی ٹی آئی کے کارکنوں کو سیاسی انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنارہی ہے،عمران قریشی

منگل 30 نومبر 2021 23:22

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 نومبر2021ء) پاکستان تحریک انصاف ضلعی صدر عمران قریشی نے کہا ہے کہ سندھ میں پیپلزپارٹی کی حکومت پی ٹی آئی کے کارکنوں کو سیاسی انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنارہی ہے ۔ ہمارے کارکنوں کو صرف اس لئے کام کرنے سے روکا جارہا ہے کہ سندھ میں پی ٹی آئی کی مقبولیت میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور پیپلزپارٹی جوکہ اب وڈیروں، جاگیرداروں کی جماعت بن چکی ہے وہ اپنی سیاسی حیثیت کھوتی جارہی ہے اس لئے پی ٹی آئی کے کارکنوں اور عہدیداروں کو کام کرنے سے روکنے کیلئے ہمارے کارکنان کیخلاف جھوٹے مقدمات بنائے جارہے ہیں انہیں ہراساں کیا جارہا ہے ، ان کی سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

سانگھڑ میں سخاوت علی راجپوت کا قتل اس کی واضح مثال ہے جو اپنے علاقے کے ہردلعزیز شخصیت تھے اور انہوں نے وہاں پی ٹی آئی کو مضبوط بھی کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ آج سندھ دیگر جماعتوں کیلئے نو گو ایریا بنادیا گیا ہے ۔ پیپلزپارٹی جوکہ سندھ تک محدود ہوگئی ہے اب وہ سندھ سے بھی ختم ہورہی ہے کیونکہ سندھ کے عوام اس جماعت نے کچھ نہیں دیا سوائے لوٹ مار کے ۔ غریب عوام آج بھی بھوک و بدحالی کا شکار ہے ، علاج اور تعلیم کی سہولیات سے محروم ہے ان کے نام پر وڈیرے، جاگیردار، ایم این اے، ایم پی اے اور بااثر شخصیات اربوں روپے کی لوٹ مار میں ملوث ہے ۔ان کے مقدمات نیب میں چل رہے ہیں اور کئی افراد کے نام ای سی ایل میں بھی شامل ہیں۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں