حیدرآباد میںسیاحت و ثقافت کے لحاظ سے بہت پوٹینشل موجود ہے ، کمشنر عباس بلوچ

ضرورت اس امر کی ہے کہ ان تاریخی مقامات اور آثار قدیمہ کو بحال کرکے ان سے متعلق آگاہی پیدا کی جائے

بدھ 1 دسمبر 2021 23:56

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2021ء) کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے کہا ہے کہ حیدرآباد میںسیاحت و ثقافت کے لحاظ سے بہت پوٹینشل موجود ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ ان تاریخی مقامات اور آثار قدیمہ کو بحال کرکے ان سے متعلق آگاہی پیدا کی جائے، شہر کے ثقافتی ورثے اور آثار قدیمہ کو فروغ دینے کے لئے آئندہ سال یکم جنوری سے ’’حیدرآباد سٹی ٹور‘‘ کے عنوان سے سیاحتی پروگرام شروع کیا جارہا ہے۔

وہ اپنے دفتر شہباز بلڈنگ حیدرآباد میں آثار قدیمہ کے تحفظ اور بحالی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، کمشنر محمد عباس بلوچ نے کہا کہ ان مقامات کی خوبصورتی کو اصل حالت میں بحال کرنے اور غیر ملکی سیاحوں کو اس جانب راغب کرنے کے لیے بھی کئی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور اس ضمن میں پبلک اینڈ پرائیویٹ پارٹنر شپ بھی کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ انڈس ہوٹل حیدرآباد اور سندھ انڈومنٹ فنڈ کے تعاون سے سیاحوں کے لیے قیام و طعام کا انتظام کیا جائے گا جبکہ سیاحتی مقامات کی سیر کے لیے گاڑیاں اور ٹوورسٹ گائیڈ بھی فراہم کیے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ ثقافتی مقامات پر صفائی ستھرائی سمیت ناکافی انفراسٹرکچر سیاحوں کی عدم دلچسپی کی بڑی وجہ ہے اس کے لیے منصوبہ بندی کی جارہی ہے کہ سیاحوں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جائیں جس کے لیے ریسٹ رومز بنائے جائیں گے اور حفظان صحت کے اصولوں کو برقرار رکھتے ہوئے سیاحوں کو کھانا فراہم کیا جائے گا، حالیہ کوویڈ 19 کی نئی لہر کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں گی، انہوں نے کہا کہ سیاحت میں لوگوں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے میڈیا کے ذریعے تشہیری مہم بھی چلائی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حیدرآباد شہر کے ثقافتی ورثے اور آثار قدیمہ کو فروغ دینے کے لیے سیاحتی منصوبوں کو مزید بہتر بنانے اور اس میں خامیوں کی نشاندہی کرنے کے لیے مقامی اور غیر ملکی سیاحوں کے لیے تجرباتی ٹوورکا اہتمام بھی کیا جائے گا، اجلاس میں سیکریٹری انڈومنٹ فنڈ ٹرسٹ عبدالحمید آخوند ، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو، ڈائریکٹر، سیٹلمنٹ، لینڈ ریکارڈ سندھ، حیدرآباد، عمر فاروق بلو، ڈپٹی ڈائریکٹر (ای اینڈ آئی) بورڈ آف ریوینیو سندھ علی محمد ببر اور فوکل پرسن انڈس ہوٹل حیدرآباد سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

بعد ازاں انڈوومنٹ فنڈ ٹرسٹ اور بورڈ آف ریوینیواور کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ کے درمیان تپیداری ٹریننگ اسکول حیدرآباد کی بحالی اور ثقافتی ورثہ کے تحفظ کے لیے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کئے گئے، سیکریٹری انڈومنٹ فنڈ ٹرسٹ عبدالحمید آخوند اور بورڈ آف ریوینیو سندھ کی جانب سے کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کئے، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو اور ڈائریکٹر، سیٹلمنٹ، لینڈ ریکارڈ سندھ، حیدرآباد، عمر فاروق بلو بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں