سول ہسپتال سرکاری ہونے کے باوجود اس کے تمام شعبوں کی کارکردگی کا شمار معیاری نجی ہسپتالوں کے مقابلے میں ہوتا ہے، ڈاکٹر مبشر علی کولاچی

لوگوں کی بے احتیاطی اور مرغن غذاؤں کے استعمال کے ساتھ اپنی صحت پر توجہ دینے کیلئے تیار نہیں ہیں جس کے سبب امراض قلب میں اضافہ ہو رہا ہے

بدھ 1 دسمبر 2021 23:56

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2021ء) لیاقت یونیورسٹی ہسپتال حیدرآبادو جامشوروکے میڈیکل سپریٹنڈنٹ ڈاکٹر مبشر علی کولاچی نے کہا ہے کہ سول ہسپتال سرکاری ہونے کے باوجود اس کے تمام شعبوں کی کارکردگی کا شمار معیاری نجی ہسپتالوں کے مقابلے میں ہوتا ہے، ڈائریکٹر ایڈمن عبدالستار جتوئی سمیت دیگر ہسپتال انتظامیہ کے افسران، ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے ساتھ اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے شعبہ امراض قلب سمیت ہسپتال کے دیگر شعبہ جات کی کارکردگی کو مزید بہتر بناؤں گا۔

وہ شعبہ امراض قلب کے پروفیسر ڈاکٹر عبدالغفار میمن اور دیگر کنسلٹنس سمیت ڈاکٹر ز،نرسز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی طرف سے اپنے اعزازمیں دیئے گئے استقبالیہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے، اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن عبدالستار جتوئی ،شعبہ امراض قلب کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر عبدالغفار میمن، اے ایم ایس جنرل ڈاکٹر شاہد اسلام جونیجو، امراض قلب کے ماہرین ڈاکٹر انوار، ڈاکٹر شاہد، ڈاکٹر ندیم بیگ،اے ایم ایس جنرل ٹو ڈاکٹر شوکت علی لاکھو، اے ایم ایس ڈاکٹر علی نواز عباسی، آر ایم او جنرل ڈاکٹر فیصل میمن اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر مبشر علی کولاچی نے کہا کہ لوگوں کی بے احتیاطی اور مرغن غذاؤں کے استعمال کے ساتھ اپنی صحت پر توجہ دینے کیلئے تیار نہیں ہیں جس کے سبب امراض قلب میں اضافہ ہو رہا ہے تاہم ہمیں امراض قلب کے مریضوں پر توجہ دینی ہے جس کیلئے مشینری کے ذریعے مریضوںکے علاج و معالجہ میں جدت کے ساتھ شعبہ امراض قلب میں حیرت انگیز بہتری لانی ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارے ہسپتال میں امراض قلب کا شعبہ فعال ہے جہاں امراض قلب کے مریضوں کیلئے مختلف جدید مشینری موجود ہے جس میں انجیو گرافی، انجیو پلاسٹی ،ای ٹی ٹی، ایکو ای سی جی سمیت دیگر امراض قلب کے شعبے قائم ہیں اور اس کے علاوہ ہم اپنی ماہرانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے شعبہ امراض قلب میں تھیلیم اسکن، الیکٹرو فیزیالاجی کلینک اور ہارٹ فلیور کلینک کا بہت جلد آغاز کریں گے، ڈائریکٹر ایڈمن عبدالستار جتوئی نے کہا کہ ہم ہسپتال کے ہر شعبے میں جدید مشینری کے ذریعے مریضوں کا علاج کر ر ہے ہیں اور مزید مشینری ہسپتال میں پہنچ چکی ہے جن کی تنصیب کا کام تکمیل کے مراحل میں ہے جبکہ مزید جدید مشنری جلد پہنچنے والی ہیں جس سے مریضوں کے مرض کی تشخیص اور علاج میں مزید بہتری آئے گی جبکہ بچوں کیلئے آئی سی یو اور 45 بستروں پر مشتمل برنس وارڈ جس میں 15 بستر آئی سی یو پر مشتمل ہوں گے جبکہ ہسپتال کی مختلف عمارتوں میں مریضوں کو بالائی منازل پرلیجانے اور لانے کیلئے الیکٹرک لفٹ بھی اپنا کام کر رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں