وفاقی حکومت ایک بار پھر گیس اور بجلی کے نرخوں میں اضافہ کرکے غریب عوام کو مزید مشکلات میں مبتلا کرنے کی کوشش کررہی ہے،عبدالجبار خان

جمعہ 3 دسمبر 2021 00:18

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2021ء) پیپلزپارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ایک بار پھر گیس اور بجلی کے نرخوں میں اضافہ کرکے غریب عوام کو مزید مشکلات میں مبتلا کرنے کی کوشش کررہی ہے، پوری دنیا میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے لیکن پاکستان میں عمران خان کی حکومت نے اس کمی کو عوام تک پہنچانے کے بجائے پرانی قیمتوں کو برقرار رکھ کر پاکستان کے عوام کو مہنگائی میں الجھایا ہوا ہے، ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ مہنگائی کی وجہ سے ترقیاتی کام بری طرح متاثر ہوئے ہیں ، خاص طورپر وہ اسکیمیں جو آدھی سے زیادہ مکمل ہوچکی ہیں لیکن تعمیراتی میٹریل میں بہت اضافے کی وجہ سے اب ٹھیکیداروں کو مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، ٹھیکیدار کام مکمل نہیں کرپارہے ہیں جس کی بنیادی وجہ تعمیراتی اسکیموں میں میٹریل کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ بھی ٹھیکیداروں پر پڑرہا ہے اور وہ اسکیمیں چھوڑ کر جارہے ہیں جس سے حکومت کا بڑا سرمایہ ان اسکیموں میں پھنسا ہوا ہے اور عوام کو بھی ان اسکیموں سے کوئی فائدہ نہیں ہورہا ہے، انہوں نے کہاکہ عمران خان جو اقتدار میں آنے سے قبل بڑے بڑے دعوے کرتے تھے اور آج وہ خود بری طرح پھنسے ہوئے ہیں جس کی وجہ ان کی نااہل اور ہٹ دھرمی ہے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں