مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں 8 دسمبر کو کراچی پریس کلب پر احتجاجی دھرنا دیا جائے گا، عبدالقیوم بھٹی

اگر پھر بھی مسائل حل نہ ہوئے تووزیر اعلیٰ ہاؤس کی طرف مارچ کرتے ہوئے وہاں احتجاجی دھرنا دیں گے، پریس کانفرنس سے خطاب

جمعہ 3 دسمبر 2021 00:18

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2021ء) ایچ ڈی اے ایمپلائز یونین (سی بی ای) کے جنرل سیکریٹری عبدالقیوم بھٹی نے اعلان کیا ہے کہ مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں 8 دسمبر کو کراچی پریس کلب پر احتجاجی دھرنا دیا جائے گا، اگر پھر بھی مسائل حل نہ ہوئے تووزیر اعلیٰ ہاؤس کی طرف مارچ کرتے ہوئے وہاں احتجاجی دھرنا دیں گے۔وہ نیشنل لیبر فیڈریشن سندھ کے جنرل سکریٹری شکیل احمد شیخ ، ایپکا سندھ کے جنرل سکریٹری اشرف خان بوزئی ،بلدیہ حیدرآباد اسٹاف یونین (سی بی ای) کے صدر غلام محمد قریشی کے ساتھ حیدرآباد پریس کلب میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

یونین کے جنرل سیکریٹری عبدالقیوم بھٹی نے کہاکہ ہمارے مطالبات کو ڈی جی ایچ ڈی اے سے لے کر وزیر اعلیٰ سندھ تک سب نے جائز قرار دیاہے لیکن اس کے باوجود عارضی ملازمین کو مستقل نہیں کیا گیا، نہ ہی 11 ماہ سے رکی ہوئی تنخواہیں ادا کی گئی ہیں، انہوں نے کہا کہ کچے ملازمین کو وزیر اعلیٰ سندھ کی طرف سے اعلان کردہ 25 ہزار روپے تنخواہ بھی نہیں دی جارہی جو واسا ملازمین کے ساتھ زیادتی ہے، انہوںنے کہاکہ ایم ڈی واسا زاہد کھیمٹیو نے ملازمین کے مسائل حل کرنے کے بجائے ملازمین کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرادیئے اور پولیس نے چڑھائی کرکے ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو ہراساں کیا ، چادر چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا، انہوںنے کہاکہ محکمہ واسا کے صوبائی محکموں پر 13 ارب روپے جبکہ وفاقی محکموں پر 1 ارب روپے کے بقایاجات ہیں جس کو ادا کرکے واسا کا مالی بحران مستقل طور پر ختم کیا جاسکتا ہے، انہوںنے کہاکہ ہم مطالبات کے حق میں عرصہ دراز سے جدوجہد کر رہے ہیں لیکن ہماری امن پسندی کو کمزوری سمجھا گیا اور مقدمات بناکر ڈرانے دھمکانے کی کوشش کی لیکن اگر اب مطالبات منظور نہ ہوئے تو 8 دسمبر کو کراچی پریس کلب پر دھرنا اوراس کے بعد بھی مسائل حل نہ ہوئے تو پھر وزیر اعلیٰ سندھ ہائوس پر احتجاج پر مجبور ہوں گے جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت سندھ پر عائد ہوگی، اس موقع پر سندھ گورنمنٹ گرینڈ الائنس کے جنرل سیکریٹری حاجی اشرف خاص خیلی نے واسا ملازمین کی مکمل حمایت اور کراچی دھرنے میں شرکت کا بھی اعلان کیا۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں