بلدیاتی ترمیمی ایکٹ پر ہم پیپلزپارٹی کو آرام سے صوبے میں حکومت کرنے نہیں دیں گے، سندھ بھر میں احتجاج کیا جائیگا، حفیظ الدین

سندھ کے عوام اس ظلم کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں ،شہری علاقوں کی حیثیت ختم کئے جانے پر پی ٹی آئی اور ایم کیوایم کو جواب دینا ہوگا،وائس چیرمین پاک سرزمین پارٹی

جمعہ 3 دسمبر 2021 23:29

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 دسمبر2021ء) پاک سرزمین پارٹی کے وائس چیئرمین حفیظ الدین نے کہا ہے کہ بلدیاتی ترمیمی ایکٹ پر ہم پیپلزپارٹی کو آرام سے صوبے میں حکومت کرنے نہیں دیں گے، سندھ بھر میں احتجاج کیا جائیگا، سندھ کے عوام اس ظلم کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں ۔شہری علاقوں کی حیثیت ختم کئے جانے پر پی ٹی آئی اور ایم کیوایم کو جواب دینا ہوگا۔

حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حفیظ الدین نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت سندھ کے لوگوں کے ساتھ زیادتی کررہی ہے ۔ 13سال سے سندھ پر مسلط یہ حکومت اپنی بنیادی ذمہ داریاں پوری کرنے کو تیا رنہیں ، ان کا وطیرہ ہے کہ یہ عوام کے وسائل کو اپنی ذات کیلئے استعمال کرتے ہیں، 13برسوں میں پیپلزپارٹی کو 10 ہزار ارب روپے سے زائد کا بجٹ ملا لیکن حالت یہ ہے کہ لاڑکانہ سے کراچی تک کتے کے کاٹے کی دوا تک نہیں ملتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بلدیاتی ترمیمی ایکٹ جوکہ 2013ء کا متنازعہ قانون ہے ، اس ایکٹ کے تحت سندھ کے شہری علاقوں کے تمام اختیارات چھین لئے ہیں ، ان میں تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ کے علاوہ کراچی کے تمام میڈیکل اور ٹیچنگ کالج، ہسپتال، دودھ سپلائی کی اسکیمیں حد یہ کہ پیدائش اور اموات کا سرٹیفکیٹ بنانے کا کام بھی بلدیاتی اداروں سے واپس لے لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی سندھ کے لوگوں کے ساتھ زیادتی کررہی ہے ۔ کراچی، حیدرآباد، سکھر ، نواب شاہ کے ساتھ زیادتی کی جارہی ہے ، کراچی کا لیاقت آباد جتنا ٹیکس دیتا ہے اتنا ٹیکس پورا لاہور ادا کرتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم پیپلزپارٹی کی ظلم و زیادتی کیخلاف ہر سطح پر احتجاج کریں گے اگر کوئی ایسا سمجھتا ہے کہ ہم ہاتھ جوڑ کر ان کے سامنے کھڑے ہوں گے تو وہ وقت چلا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مصطفی کمال نے تمام قومیتوں کو یکجا کیا ہے ، پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں ایک پروجیکٹ بھی مکمل نہیں ہوا ، چار کروڑ روپے کا پروجیکٹ کی لاگت 40کروڑ روپے تک پہنچ جاتی ہے۔ کراچی میں سینکڑوں میڈیکل کالج شروع کئے گئے جو ابھی تک ادھورے پڑے ہیں۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں