سندھ حکومت کے بلدیاتی ترمیمی ایکٹ کیخلاف جماعت اسلامی حیدرآباد کا احتجاجی مظاہرہ

جمعہ 3 دسمبر 2021 23:29

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 دسمبر2021ء) سندھ حکومت کی جانب سے بلدیاتی ترمیمی ایکٹ کیخلاف جماعت اسلامی حیدرآباد کی جانب سے ہیرآباد میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں جماعت کے کارکنوں اور شہریوں نے شرکت کی۔ مظاہرین صوبائی حکومت کی مخالفت میں نعرے لگارہے تھے۔

(جاری ہے)

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے صوبائی ر ہنما عبدالوحید قریشی، امیر جماعت اسلامی حیدرآباد عقیل احمد خان نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت بلدیاتی ترمیمی ایکٹ کے تحت کراچی سمیت شہری علاقوں کے بلدیاتی اداروں کے اختیارات سلب کرکے انہیں اپنی تحویل میں لینا چاہتی ہے جس کا مقصد بلدیات کے عوامی اداروں کو بھی تباہ کرنا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی جس کی کرپشن اور لوٹ مار کسی سے ڈھکی چھپی نہیں اب وہ سندھ کے شہری علاقوں کو نشانہ بنارہی ہے ، 13سال سے برسراقتدار پیپلزپارٹی کی حکومت نے پورے سندھ میں تباہی مچائی ہوئی ہے ، کھلے عام رشوت، لوٹ مار کا بازار گرم ہے ، غریب عوام مشکلات کا شکار ہیں ، ان کے جائز کام بھی نہیں کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طورپر اس بلدیاتی ترمیمی ایکٹ کو واپس لیا جائے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں