۔ صوبے میں ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے سماجی تنظیموں کا کردار قابل ستائش ہے،صوبائی سیکریٹری ثقافت عبد الرحیم سومرو

اتوار 5 دسمبر 2021 19:15

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 دسمبر2021ء) صوبائی سیکریٹری ثقافت عبد الرحیم سومرو نے کہا ہے کہ صوبے میں ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے سماجی تنظیموں کا کردار قابل ستائش ہے جوکہ اپنے دستیاب وسائل سے سندھ کی ثقافت کو دنیا بھر میں متعارف کرانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی ہیں ۔ وہ گذشتہ رات سیڈ آرگنائیزیشن حیدرآباد جانب سے سندھی ثقافتی دن کی مناسبت سے مہران آرٹس کونسل حیدرآباد میں منعقدہ پروگرام میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ سندھ کی شاہکار ثقافت کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کر کے دنیا بھر کے سیاحوں کی توجہ مبذول کرائی جا سکتی ہے جس کیلئے نہ صرف سندھ حکومت بلکہ سندھ میں موجود تمام سماجی ادارے بھی اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مذکورہ این جی او کی چیئر پرسن نصرت خانم کی جانب سے کامیاب پروگرام کے انعقاد پر ان کو سراہا اور کہا کہ مستقبل میں بھی اس طرح کے ثقافتی پروگرامز منعقد کرانے کی ضرورت ہے اور اس ضمن میں محکمہ ثقافت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کیا جائیگا ۔ تقریب میں ڈویژنل ڈائریکٹر انفارمیشن حیدرآباد سوائی خان چھلگری ، مختیار لغاری ، ایم ڈی سیاحت سندھ شیر محمد مہر ، ڈائریکٹر لائبریریز سندھ نزاکت علی فاضلانی ، ڈی ایچ او حیدرآباد لالہ جعفر کے علاوہ دیگر معززین نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر پروگرام میں امجد رانا ، شمن میرانی ، سنی خان ، ذاکر مستانہ ، شینی عظیم ، اشرف سیاں ، یوسف پٹھان ، رزاق کرن اور دیگر نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور شرکاء سے خوب داد وصول کیا ۔

متعلقہ عنوان :

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں