تہذیبی جنگ میں تعلیمی اداروں اور طلباء میں اسلامی تہذیب و اقدار کو پروان چڑھانے کی ضرورت ہے،ابوعامراعظمی

پیر 17 جنوری 2022 23:09

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2022ء) تنظیم اساتذہ صوبہ سندھ کے صدر پروفیسر ابو عامر اعظمی نے کہا ہے کہ موجودہ دور کی تہذیبی جنگ میں تعلیمی اداروں اور طلباء میں اسلامی تہذیب و اقدار کو پروان چڑھانے کی ضرورت ہے ہمیں اپنی نسل کو مغربی تہذیب سے بچاناہے۔صوبائی سیکریٹریٹ حیدرآباد میں صوبائی مجلس انتظامیہ سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ابو عامر اعظمی نے کہا کہ ثقافت کے نام پر تعلیمی اداروں میں بے حیائی کے فروغ کو تنظیم اساتذہ کسی صورت برداشت نہیں کرے گی، بڑھتی ہوئی مغربی تہذیب کی یلغار کو روکنے کے لیے تنظیم اساتذہ ہر سطح پر مقابلہ کرے گی، انہوں نے کہا کہ اساتذہ اور خصوصاً ارکان تنظیم نسل نو کو اس تہذیبی یلغار سے بچانے کے لیے تقویٰ کو بنیاد بنا کر اپنی ذمہ داریوں کو بھر پور طور پر ادا کریں تاکہ ہم اپنے رب کے سامنے سرخرو ہو سکیں، اجلاس میں مرکزی سیکریٹری جنرل پروفیسر رئیس احمد منصوری نے خصوصی شرکت کی جبکہ تمام صوبائی ذمہ داران کے علاوہ سندھ بھر سے آئے اضلاع کے صدور اور صوبائی مجلس انتظامیہ کے منتخب ارکان بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

بعدازاں صوبائی نائب صدر کی خالی نشست پر انتخاب کرایا گیا، خفیہ بیلٹ کے ذریعے ارکان نے پروفیسر ڈاکٹر نصراللہ لغاری کو سیشن 2022 تا 2023 کے لئے تنظیم اساتذہ صوبہ سندھ کا نائب صدر اور جاوید اخلاق کو مرکزی انتظامیہ کا رکن منتخب کیا۔

متعلقہ عنوان :

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں