حیدرآباد ایکسپو سینٹر میں میگا ٹریڈ ایونٹ فروری میں منعقد ہوگا ، عاشق حسین کھوسو

بدھ 19 جنوری 2022 21:45

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2022ء) ڈپٹی ڈائریکٹر ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان عاشق حسین کھوسو نے کہا ہے کہ تاجر برادری اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے جلد ہی حیدرآباد ایکسپو سینٹر میں میگا ٹریڈ ایونٹ فروری میں منعقد کیا جائے گا جس میں چوڑی سازی، دستکاری و دیگر مصنوعات کے اسٹالز لگائے جائیں گے، ان کے آنے کا خاص مقصد میگا ایونٹ کی میزبانی حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کو دینا ہے جو تاجر برادری کا واحد رجسٹرڈ ادارہ ہے، اِس پروگرام کے لیے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے 1 لاکھ 50 ہزار روپے مختص کئے ہیں، میگا ایونٹ کے لئے صدر چیمبر محمد الطاف میمن کی سربراہی میں ایک ورکنگ کمیٹی بنائی جائے گی جس میں ٹیڈاپ کے نمائندے بھی شامل ہوں جو تمام پروگرام کو آرگنائز کریں گے اور اسٹالز و دیگر معاملات کو بھی دیکھیں گے۔

(جاری ہے)

وہ حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے کانفرنس ہال میں تاجر و صنعتکار برادری سے خطاب کر رہے تھے، عاشق حسین کھوسو نے کہا کہ چیمبر نے ہمیشہ حیدرآباد کے کاروباری حضرات کی بہترین نمائندگی میں اہم کردار ادا کیا ہے اور تمام سابق صدور نے ٹیڈاپ کے ساتھ کئی پروگرامز کا انعقاد کر کے حیدرآباد میں کاروباری سرگرمیوں کو چار چاند لگائے ہیں، انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کی خواتین میں بہت پوٹینشل ہے ٹیڈاپ کے پچھلے ماہ ایکسپو سینٹر میں خواتین کے پروگرام میں 70 کے قریب NTN رکھنے والی خواتین نے شرکت کی جبکہ پورے بلوچستان سے صرف 29 خواتین تھی، اِس کے ساتھ ساتھ اگلے ماہ فروری میں لاہور میں ایک خواتین کا ایگزیبیشن ہونے جارہا ہے جس میں 15 اسٹالز حیدرآباد سے لیے گئے ہیں جو کراچی، لاہور اور ملتان کے بعد سب سے زیادہ تعداد میں ہے، عاشق کھوسو نے ایکسپو سینٹر کی حکومت کی جانب سے ایگزیکٹو کمیٹی بنانے کا عندیہ دیا جس میں چیمبر کو بھی نمائندگی دی جائے گی اور ایکسپو سینٹر میں حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کا آفس بھی کھولا جائے گا۔

قبل ازیں صدر چیمبر محمد الطاف میمن نے کہا کہ حیدرآباد پاکستان کا تیسرا بڑا صنعتی شہر ہوا کرتا تھا لیکن حکومتی اداروں کی عدم توجہی کے سبب حیدرآباد شہر اپنی قدر کھو رہا ہے۔ لیکن اِس طرح کے میگا ٹریڈ ایونٹ تاجر برادری کے لئے بہت خوشگوار ہیں جس سے حیدرآباد شہر کے تاجروں اور صنعتکاروں کو اپنی مصنوعات کو بہتر انداز میں پیش کرنے کا موقع ملے گا، انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر عاشق حسین کھوسو کی طرف سے ایکسپو سینٹر کے لئے بنائی جانے والی کمیٹی میں بھرپور تعاون کا یقین دلایا، سابق صدور سلیم الدین قریشی، دولت رام لوہانہ و دیگر ارکان نے بھی ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیڈاپ سے سوالات کئے، سینئر نائب صدر محمد ادریس میمن نے تمام ارکان کا شکریہ ادا کیا، اِس موقع پر اراکین مجلس عاملہ اور کنونیئرز سب کمیٹیز نے شرکت کی۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں