حیدرآباد پولیس کیفے فردوس ہوٹل کے مالک کے قتل میں ملوث ملزمان کا کوئی سراغ لگانے میں ناکام، تین رکنی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل

اتوار 23 جنوری 2022 00:22

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2022ء) حیدرآباد پولیس 48 گھنٹے گزرنے کے باوجود کیفے فردوس ہوٹل کے مالک محمد اشفاق کے قتل میں ملوث ملزمان کا کوئی سراغ لگانے میں ناکام ہے، ڈی آئی جی پولیس حیدرآباد نے اس بہیمانہ قتل کی تفتیش کے لئے ایس ایس پی ساجد امیر سدوزئی کی سربراہی میں تین رکنی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی ہے جو ایک ہفتے میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

جمعرات کو رات گئے فائرنگ کرکے سٹی تھانہ کی حدود میں واقع کیفے فردوس ہوٹل پر فائرنگ کرکے ہوٹل کے مالک 68 سالہ حاجی اشفاق ولد پیر بخش پٹھان کو قتل کر دیا گیا تھا، واردات کے بعد ملزمان باآسانی فرار ہو گئے، پولیس تاحال قتل کی اس واردات میں ملوث ملزمان کا کوئی سراغ لگانے میں ناکام نظر آتی ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس حیدرآباد ریجن سید پیر محمد شاہ نے حاجی محمد اشفاق پٹھان کے قتل کے افسوسناک واقعہ پر ایس ایس پی حیدرآباد ساجد امیر سدوزئی کی سربراہی میں سینئر پولیس افسران پر مشتمل جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (JIT) تشکیل دے دی ہے، ڈی ایس پی سٹی غلام شبیر سرکی اور انسپکٹر سراج الدین لاشاری اس کمیٹی کے ممبر ہوں گے، یہ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم قتل کے پس پردہ اصل حقائق کا پتہ لگا کر سات یوم میں اپنی رپورٹ ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج کو پیش کرے گی۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں