جان بوجھ کر شہریوں کو گیس سے محروم رکھا جا رہا ہے، ایل پی جی اتنی مہنگی ہے کہ غریب کی پہنچ سے دور ہے،ناظمہ جماعت اسلامی شعبہ خواتین حیدرآباد

پیر 24 جنوری 2022 23:15

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2022ء) جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی قائمقام ناظمہ ضلع حیدرآباد فراز کشور اور نائب ناظمہ غزالہ زاہد نے کہا ہے کہ جان بوجھ کر شہریوں کو گیس سے محروم رکھا جا رہا ہے، ایل پی جی اتنی مہنگی ہے کہ غریب کی پہنچ سے دور ہے، گیس لوڈشیڈنگ نے خاتون خانہ کو سو جتن کرنے پر مجبور کر دیا ہے کیونکہ چولہا جلانے کے لئے لکڑیاں جلانا پڑتی ہیں، تب کہیں جا کر کھانا تیار ہوتا ہے، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سوئی گیس ایک بنیادی ضرورت بن چکی ہے مگر حکمران جس طرح عوام کو تعلیم، صحت،روزگار اور چھت جیسی ضروریات فراہم کرنے میں ناکام رہے ہیں، اسی طرح سوئی گیس جیسی سہولتیں بھی ناپیدہوچکی ہیں، حکمرانوںنے انتخابات میں توانائی بحران پر قابو پانے اور لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے بلند و بانگ دعوے کیے تھے حکومت اپنے وعدوں کو پورا نہیں کر سکی اور پورے ملک میں عوام گیس کی لوڈشیڈنگ کا شکار ہیں، انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے باعث پہلے ہی غریب لوگوں کا برا حال ہے اور گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث ہوٹلوں سے کھانے کی اشیا مہنگے داموں خرید نے کی سکت عوام میں نہیں ہے لیکن شہری ہوٹلو ں سے مہنگے داموں کھانا لینے پر مجبور ہیں، انہوںنے کہا کہ بنیادی ضروریات زندگی عوام کی پہنچ میں ہوناچاہئیں لیکن حکومتیں سب سے زیادہ نشانہ بنیادی ضروریات زندگی کوبناتی ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ حیدرآباد میں سوئی گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی حلقہ خواتین ضلع حیدرآباد کے تحت 25جنوری بروز منگل کو سوئی سدرن گیس کمپنی ہیڈ آفس قاسم آباد کے سامنے خواتین سوئی گیس کی بندش کے خلاف بھر پور احتجاجی مظاہرہ کریں گی۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں