ڈویژنل کمشنر حیدرآباد کی زیر صدارت اجلاس، امکانی بارشوں کے دوران کسی ناخوشگوارصورتحال سے بچائو کیلئے متعلقہ افسران کو ضروری تیاریوں کی ہدایت کی

بدھ 18 مئی 2022 22:40

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2022ء) ڈویژنل کمشنر حیدرآباد ندیم الرحمان میمن نے امکانی بارشوں کے حوالے سے موثر انتظامات کرنے کے لئے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ محکمہ موسمیات کی جانب سے حیدرآباد ڈویژن میں بارشوں کی پیشنگوئی کے پیش نظر بارشوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لئے اپنے تمام مطلوبہ وسائل زیر استعمال لائیں تاکہ عوام کو کسی جانی یا مالی نقصان سے محفوظ رکھنے کو یقینی بنایا جاسکے۔

یہ ہدایات انہوں نے حیدرآباد ڈویژن کے ڈپٹی کمشنرز، محکمہ آبپاشی، ایچ ایم سی، واسا، ایچ ڈی اے اور حیسکو، اینیمل ہسبنڈری، صحت، تعلیم، زراعت، لوکل گورنمنٹ، پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ، پولیس، پاک فوج اور دیگر اعلیٰ افسران کے ساتھ شہباز ہال حیدرآباد میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔

(جاری ہے)

ڈویژنل کمشنر حیدرآباد ندیم الرحمان میمن نے بالخصوص حیسکو حکام کو ہدایت کی کہ وہ بارشوں کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنائیں کیونکہ بارش کے بعد سیفٹی کلیئرنس کے طور پر حیسکو کی جانب سے کئی گھنٹے بجلی بند رکھی جاتی ہے جبکہ ٹرانسفارمرز کے جلنے کی صورت میں ان کی فوری مرمت کو بھی یقینی بنایا جائے ۔

اس موقع پر ڈویژنل کمشنر حیدرآباد نے ڈویزن کے تمام ڈپٹی کمشنرز، محکمہ آبپاشی، پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کو برسات سے قبل کانٹیجنسی پلان تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے پبلک ہیلتھ کے متعلقہ افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے فوری عوامی شکایات حل کریں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

انہوں نے محکمہ صحت کو بھی یہ ہدایت کی کہ ہنگامی صورتحال کے دوران ڈاکٹرز، عملے، ایمبولینس اور ضروری ادویات کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے حیسکو انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ اپنے آپریشنل نظام کو مزید بہتر بنائے۔ اس موقع پر کمشنر حیدرآباد نے واسا اور ایچ ایم سی کے حکام کو پمپنگ اسٹیشنز کی مشینری کو تیار حالت میں رکھنے اور مشینری کی ضروری مرمت کروانے کی ہدایت کی تاکہ زیریں علاقوں سے برساتی پانی کی جلد از جلد نکاسی ممکن ہوسکے۔

کمشنر حیدرآباد نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ برساتی صورتحال کے دوران فیلڈ میں موجود رہیں اور اپنے اپنے علاقوں میں برساتی صورتحال اور پمپنگ اسٹیشنز کی نگرانی کریں۔ اجلاس میں ڈی آئی جی حیدرآباد پیر محمد شاہ، پاک فوج کے میجر ہیڈکوارٹر منیب، ڈی سی حیدرآباد فواد غفار سومرو اور ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز کے علاوہ مختلف محکموں کے افسران شریک ہوئے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں