جامعہ سندھ جامشورو اور کیمپسز میں مختلف بیچز کے پہلے سمسٹر کے امتحانات کا آغاز

منگل 24 مئی 2022 00:07

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2022ء) جامعہ سندھ جامشورو، ایلسا قاضی کیمپس حیدرآباد، لاڑ کیمپس بدین، محترمہ بینظیر بھٹو شہید کیمپس دادو، میرپورخاص، ٹھٹھہ، لاڑکانہ و نوشہروفیروز کیمپسز میں مختلف بیچز کے پہلے سمسٹر کے امتحانات کا آغاز ہو گیا ہے جس کے دوران طلبہ و طالبات کو پینے کے صاف اور ٹھنڈے پانی سمیت تمام بنیادی سہولیات و خوشگوار ماحول فراہم کیا گیا ہے ، جامعہ سندھ جامشورو میں امتحانات کے پہلے روز شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے انسٹیٹیوٹ آف میتھمیٹکس اینڈ کمپیوٹر سائنس و دیگر شعبوں کا دورہ کیا اور وہاں پر جاری امتحانات کا جائزہ لیا۔

نیچرل سائنسز فیکلٹی کے ماتحت تعلیمی شعبوں کے دورے کے دوران متعلقہ ڈین بھی وائس چانسلر کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر کلہوڑو کا کہنا تھا کہ کووڈـ19 وبا کے اثرات 2021ء تک برقرار رہے، جس کے بعد کوشش کرکے جامعہ سندھ کو واپس اکیڈمک کیلنڈر پر لایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کے تعلیمی نقصان کا ازالہ کیا گیا ہے اور یہ کوشش کی جا رہی ہے کہ مختلف شعبوں میں معلومات کی منتقلی ہو اور طلباء روزانہ کی بنیاد پر نئی معلومات حاصل کریں ۔

انہوں نے کہا کہ طلباء صرف امتحانات پاس کرنے کیلئے پڑھائی نہ کریں، بلکہ انہیں اصل معلومات کے حصول کیلئے پڑھنا چاہئے، کیونکہ کامیابی معلومات کے حصول کے بعد ملتی ہے ، شیخ الجامعہ نے کہا کہ جامعہ سندھ کی جانب سے طلبہ و طالبات کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کیا گیا ہے اب ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ دل لگا کر پڑھیں اور جامعہ و ملک کا نام روشن کریں۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں