جامعہ سندھ جامشورو کے انسٹیٹیوٹ آف مائیکرو بیالوجی کی جانب سے پوسٹر نمائش کا اہتمام

منگل 24 مئی 2022 00:07

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2022ء) جامعہ سندھ جامشورو کے انسٹیٹیوٹ آف مائیکرو بائیولوجی کی جانب سے زبردست پوسٹر نمائش کا اہتمام کیا گیا،جس میں حیوانی اعضا، طفیلی پودوں، کیڑوں اور اتصال سے تشکیل دی گئی ڈی این اے ٹیکنالوجی جیسے مضامین کے مختلف 65 منصوبے رکھے گئے ، اس نمائش کا انعقاد انسٹیٹیوٹ آف مائکرو بائیولوجی کے متحرک ٹیچرز ڈاکٹر بشریٰ پاٹول اور ڈاکٹر عاطف پاٹولی کی کاوشوں و دلچسپی سے ممکن ہوا نمائش میں رکھے گئے 65 سائنسی منصوبوں میں سے 3 بہترین منصوبوں کا انتخاب بھی کرایا گیا۔

اس موقع پر 3 ججز ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف مائکرو بائیولوجی پروفیسر ڈاکٹر سرفراز علی تنیو، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف بائیوٹیکنالوجی اینڈ جینیٹک انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر محمد رفیق و ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف بائیو کیمسٹری پروفیسر ڈاکٹر نسیم اسلم چنہ نے مذکورہ منصوبوں کا انتخاب کیا، جس پر پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو تعریفی اسناد و شیلڈز دی گئیں۔

(جاری ہے)

تقریب میں انسٹیٹیوٹ آف مائکرو بائیولوجی کے ٹیچرز ڈاکٹر شگفتہ جبین، ڈاکٹر عبدالنبی میرجت، ڈاکٹر فریال خشک و دیگر بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے ایونٹ آرگنائزر ڈاکٹر بشریٰ پاٹولی نے بتایا کہ پوسٹر نمائش منعقد کرنے کا مقصد طلبہ و طالبات کو اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کا موقع فراہم کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہیمٹولوجی، پیرسیٹالجی و ریکمبیننٹ ڈی این اے ٹیکنالوجی ایسے مضامین ہیں، جن کا تعلق تینوں یعنی پودوں، جانوروں و انسانوں کے ساتھ ہے، اس لیے ان مضامین پر پوسٹر نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے ۔

ڈاکٹر بشریٰ پاٹولی نے مزید بتایا کہ جلد ہی بڑے پیمانے پر پوسٹر نمائش کا اہتمام کیا جائے گا اور اس میں سائنس کے مختلف شعبوں کے طلبہ و طالبات کو شمولیت کا موقع دیا جائے گا تاکہ وہ اپنے پراجیکٹس پیش کر سکیں۔

متعلقہ عنوان :

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں