ایاز لطیف پلیجو کی سندھ میں 144کے نفاذ کے ذریعے جلسے جلوسوں پر پابندی عائد کرنے کی شدید مذمت

سندھ میں پانی کی شدید کمی ہے، ہاری آباد گار اور عام لوگ سڑکوں پر ہیں حکومت احتجاج کی اس لہر کو روکنے کے لئے ایسے اقدامات کررہی ہے،سربراہ قومی عوامی تحریک

منگل 24 مئی 2022 21:25

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2022ء) قومی عوامی تحریک کے سربراہ ایاز لطیف پلیجو نے سندھ میں 144کے نفاذ کے ذریعے جلسے جلوسوں پر پابندی عائد کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت کا فیصلہ غیر جمہوری آمرانہ ہے، انہوںنے کہاکہ سندھ میں پانی کی شدید کمی ہے جس کے خلاف ہاری آباد گار اور عام لوگ سڑکوں پر ہیں حکومت احتجاج کی اس لہر کو روکنے کے لئے ایسے اقدامات کررہی ہے ہم پی پی حکومت کے آمرانہ فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے اس کے خلاف آواز بلند کریں گے کیونکہ پرامن احتجاج عوام کا جمہوری حق ہے سیاسی حالات پر قابو پانے کے بجائے اپنے حقوق کے لئے احتجاج کرنے والوں کو روکنا غیر آئینی ہے، انہوںنے کہاکہ جمہوریت کے دعویدار کرپٹ حکمران کرپشن کیسوں میں رعایت کے لئے ایسے اقدام کر رہے ہیں، انہوںنے کہاکہ اسلام آباد کی جانب مارچ کرنے والوں کو روکاجائے سندھ میں پانی کی کمی کے خلاف یا بلدیاتی مہم کے جلسے جلوس پر پابندی عائد کرنا کونسی عقلمندی ہے بلدیاتی انتخابات میں انتخابی ضابطہ اخلاق طے کرنے کے بجائے کارنر میٹنگ اور جلسے جلوسوں پر پابندی عائد کی جارہی ہے تاکہ پی پی سندھ میں اپنے مطلوبہ نتائج حاصل کر سکے، انہوںنے کہاکہ پی پی حکومت نے ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑادی ہیں الیکشن کمیشن نوٹس لے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں