حالات چاہے کیسے بھی ہوں، ہمیں ہر حال میں ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھنی چاہیئے، جی او سی حیدرآباد میجر جنرل دلاور خان کا اسریٰ یونیورسٹی میں سیشن سے خطاب

منگل 24 مئی 2022 21:50

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2022ء) جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) 18 ڈویزن حیدرآباد میجر جنرل دلاور خان نے کہا ہے کہ انسانی شخصیت رویوں کا ایک خاص مجموعہ ہے، جیسے جیسے انسان زندگی کے مختلف مراحل سے گذرتا ہے تو وہ ترقی بھی کرتا ہے اور اس میں تبدیلی بھی رونما ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسریٰ یونیورسٹی حیدرآباد میں "موجودہ ماحول میں شخصیت کی ترقی" کے زیر عنوان منعقدہ سیشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ماحول اپنی ثقافت، معاشرے اور بچپن سے ملتا ہے اس لئے ہمیں کسی بھی طرح سے تعمیری اوربا عمل رہنے کی ضرورت ہے۔ میجر جنرل دلاور خان نے طلبہ پر زور دیا کہ حالات چاہے کیسے بھی ہوں، ہمیں ہر حال میں ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھنی چاہیئیں جو ہمارا قومی فریضہ اور ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اسریٰ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نذیر اشرف لغاری نے اسریٰ یونیورسٹی آمد پر میجر جنرل دلاور خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انسان کی شخصیت میں زندگی بھر تبدیلی آتی رہتی ہے، اکثر ہمارے اندر میں تبدیلی ماحولیاتی اثرات کی وجہ سے آتی ہے، جیسے جیسے ہم زندگی کے نازک اور خوشگوار واقعات اور تجربات سے گذرتے ہیں ہمارے اندر نکھار پیدا ہوتا ہے، اس لئے ہمیں ان واقعات سے مثبت چیزوں کو اپنی زندگی میں شامل کرنا چاہیئے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ بات بھی درست ہے کہ ہماری شخصیت پر ماحول کا منفی اور مثبت اثر ہوتا ہے، اس لئے ہمیں کوشش کرنی چاہیئے کہ ہم اپنے آس پاس کے ماحول کو پرسکون رکھیں اور اللہ تعالیٰ کے احکامات اور حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنت کے مطابق اپنی زندگی گذاریں۔

متعلقہ عنوان :

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں