بلدیہ حیدر آبادکی انتقامی کاروائیاں بند کرائی جائیں اور رات 11بجے کے بعد ہمیں مناسب وقت تک کاروبار کرنے دیا جائے ،نواب خان

جمعہ 24 جون 2022 23:34

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2022ء) آل حیدرآباد ہوٹلز اینڈ ریسٹورنٹس ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ 11بجے شب ہوٹلز بند کرنے سے معاشی قتل ہو گا ہم پہلے ہی دو سال کرونا وائرس کی وجہ سے مالی مشکلات سے دوچار ہیں سندھ حکومت کے مذکورہ فیصلہ سے ہم ذہنی طور پر سخت پریشان ہیں ہوٹلز جلد بند ہو نے سے شدید مالی نقصان اور بے روز گاری میں اضافہ ہو گا سندھ حکومت اس ظالمانہ فیصلہ کو فوری طور پر واپس لے ایسوسی ایشن کے صدر نواب خان نے حاجی امیر الرحمن ،غلام سرور چانڈیو ،سعید احمد ،سید عبداللہ شاہ ،عادل نواب ،جاوید آغا اور محمد یامین لغاری کے ہمراہ حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ سمجھ نہیں آتا کہ حکومت کو مشورے دینے والے کون لوگ ہیں حیدرآباد کا موسم ایسا ہے کہ زیادہ تر لوگ رات میں گھروں سے نکلتے ہیں ہوٹلز و ریسٹورنٹس کا رخ کرکے معیاری و سستے کھانے کھاتے اور چائے پیتے ہیں یہاں کوئی تفریحی مقام نہیں ہوٹلز ہی لوگوں اور فیملز کے مل بیٹھنے کا ذریعہ ہے لیکن افسوس ہے کہ حکومت نے انرجی بچانے کے نام پر اس طرح کا فیصلہ کیا ہے کہ اس سے انرجی بھی نہیں بچ سکے گی اور بے روز گاری میں اضافہ ہو گا ہر ہوٹل سے درجنوں ملازمین وابستہ ہیں یہ بے روز گار ہو نگے تو مہنگائی کے اس پر آشوب دور میں ان کے خاندانوں کا کیا بنے گا انہوں نے کہاکہ ایسا قدم اٹھایا جائے جو قابل عمل اور حقیقت پسندی پر مبنی ہو انہوں نے کہاکہ ہم کرونا وائرس میں کنگال ہو چکے ہیں دوسری جانب بلدیہ کا عملہ آئے دن کاروائیاں ڈال کر سامان اٹھا کر لے جاتا ہے اور پھر پیسے نہ دینے پر غائب کردیا جاتا ہے تجاوزات کے خلاف بے شک کاروائیاں کریں لیکن غریبوں کو کاروبار تو کرنے دیں انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت ، منتخب نمائندے ، ضلعی انتظامیہ اور بلدیہ ہمارے اس پرامن اور حقیقی موقف پر سنجیدگی سے غور کرتے ہو ئے رات11بجے ہوٹلز و ریسٹورنٹس بند کرنے کا فیصلہ واپس لیکر مناسب راستہ اختیار کیا جائے اور بلدیہ کے رشوت خور عملہ کی لوٹ مار سے ہمیں نجات دلائی جائے ہوٹلز کا اٹھایا گیا سامان واپس کیا جائے اور جنہوں نے اسے غائب کیا ہے ان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے آل حیدرآباد ہوٹلز اینڈ ریسٹورنٹس ایسوسی ایشن حکومت و انتظامیہ کے ساتھ تعاون پر تیار ہے لیکن ہماری جائز شکایات کا ازالہ کیا جائے بلدیہ کی انتقامی کاروائیاں بند کرائی جائیں اور 11بجے کے بعد ہمیں مناسب وقت تک کاروبار کرنے دیا جائے ـ

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں