حیدرآباد میں شروع ہونے والی انسداد پولیومہم کے دوران فرائض انجام دینے والے ورکرز کی موثر تربیت کو یقینی بنایا جائے،کمشنر

ہفتہ 25 جون 2022 00:08

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2022ء) کمشنرحیدرآباد ندیم الرحمن میمن نے محکمہ صحت و دیگرمتعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ 27 جون سے ضلع حیدرآباد کی تمام یونین کونسلوں اور ضلع جامشورو کی کچھ یونین کونسلوں میں شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے دوران فرائض انجام دینے والے پولیو ورکرز کی موثر تربیت کو یقینی بنایا جائے، مہم کے دوران 3 لاکھ 68ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

وہ بھٹائی ہسپتال لطیف آباد حیدرآباد میں انسداد پولیو مہم کا افتتاح کر رہے تھے، اس موقع پرڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو،ایڈیشنل کمشنر ٹو حیدرآباد ثنا اللہ رند، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر حیدرآباد ڈاکٹر لالہ جعفر ،ایم ایس شاہ بھٹائی گورنمنٹ ہسپتال لطیف آباد ڈاکٹر عثمان شیخ،ڈسٹرکٹ فوکل پرسن فار پولیو ڈاکٹر جمشید خانزادہ و دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کمشنر حیدرآباد ندیم الرحمن میمن کو انسداد پولیو مہم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 27 جون سے شروع ہونے والی پولیو مہم کے تمام تر مطلوبہ انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ضلع حیدرآباد کی 54 یو سیز میں پانچ سال تک کی عمر کے 3 لاکھ 68ہزار 26 بچوں کو انسدادِ پولیو مہم کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، مہم کے دوران 1366 گشتی ٹیمیں، 135 مقررہ ٹیمیںاور43 ٹرانزٹ ٹیمیں اپنے فرائض سر انجام دیں گی جن کی نگرانی 332 ایریا انچارجز اور 87 یو سی ایم اوز کریں گے جبکہ ضلع جامشورو کی صرف 5 یونین کونسلوں میں یہ مہم جاری رہے گی جس کے لیے 59122 بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلانے کاہدف مقرر کیا گیا ہے، اس سلسلے میں 188 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جس کی نگرانی کے لئے 54 سپروائیزر مقرر کئے گئے ہیں۔

کمشنر حیدرآباد ندیم الرحمن میمن نے بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شمالی وزیرستان میں پولیو کیسز ظاہر ہوئے ہیں جو کے ہمارے لئے ایک چیلنج ہے جبکہ ایسی صورتحال کے مدنظر مزید توجہ اور سنجیدگی سے کام کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے متعلقہ افسران باالخصوص انسداد پولیو کی ٹیموںمیں شامل خواتین پولیو ورکرزکو ہدایت کی کہ وہ گھر گھر جاکر بچون کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کو یقینی بنائیں اور اپنے مائیکرو پلان کو اپ ڈیٹ کریں، انہوں نے کہا کہ یہ ایک قومی فریضہ ہے جس میں کسی بھی قسم کی کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا انہوں متعلقہ افسران کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ انکاری کیسز پر زیادہ سے زیادہ توجہ دیں تاکہ ملک سے پولیو کے خاتمے کے لئے کی جانے والی کاوشوں کو کامیاب بنایا جا سکے، کمشنر حیدرآباد نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور مختلف وارڈز میں جاکر مریضوں سے انہیں مہیا کی جانے والی طبی سہولتوں اور مفت ادویہ سے متعلق معلومات لیں، قبل ازیں کمشنر ندیم الرحمن میمن اور ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو نے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیوسے بچائو کے قطرے پلا کر انسداد پولیو مہم کا باقائدہ افتتاح کیا۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں