لیجینڈ کرکٹر فاسٹ میڈیم بائولر فضل محمود کی 92ویں سالگرہ

تقریب کے مہمان خصوصی ممبر قومی اسمبلی صابر حسین قائم خانی تھے‘

منگل 19 فروری 2019 21:25

لیجینڈ کرکٹر فاسٹ میڈیم بائولر فضل محمود کی 92ویں سالگرہ
ْحیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 فروری2019ء) پاکستان کے لیجینڈ کرکٹر فاسٹ میڈیم بائولر فضل محمود کی 92ویں سالگرہ کا اہتمام حیدرآباد ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن نے نیاز اسٹیڈیم حیدرآباد میں کیا، تقریب کے مہمان خصوصی ممبر قومی اسمبلی صابر حسین قائم خانی تھے‘ حیدرآباد ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ سالگرہ کی تقریب سے مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی صابر حسین قائم خانی نے اپنے خطاب میں پاکستان کے اس لیجینڈ کھلاڑی کو شاندار الفاظ میں پاکستان کرکٹ کیلئے خدمات انجام دینے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہ ہیرو ہیں جنہوں نے پاکستان کا نام روشن کیا اور جن کی بدولت پاکستان کا نام دنیائے کرکٹ میں شناخت بن کر ابھرا، اس موقع پر مہمان خصوصی نے حیدرآباد ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کی کرکٹ کے فروغ کیلئے کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ اپنے عظیم ہیروز کو یاد رکھنا بہت اچھا عمل ہے، انہوں نے نیاز اسٹیڈیم کی ابتر صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ نیاز اسٹیڈیم اور دیگر کھیل کے میدانوں کو فوری طورپر اپ گریڈ کیا جائے اور نیاز اسٹیڈیم کو آئندہ پی ایس ایل کیلئے تیار کرایا جائے تاکہ اندرون سندھ کے واحد ٹیسٹ سینٹر پر بھی پی ایس ایل سمیت دیگر فرسٹ کلاس میچز کا انعقاد ہوسکے، انہوں نے لڑکیوں کیلئے ایک علیحدہ گرائونڈ تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا، قبل ازیں ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر شکیل احمد قریشی نے پاکستان کے گریٹ فاسٹ میڈیم بائولر اور سابق کپتان فضل محمود کے کرکٹ کیرئیر سے متعلق تقریب میں موجود کرکٹ آرگنائزرز اور فضل محمود نیشنل کلب کرکٹ چمپئن شپ میں حصہ لینے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں کو بتایا کہ 18فروری 1927ء میں لاہور میں پیدا ہونے والے اس لیجینڈ فاسٹ میڈیم بائولر نے 16اکتوبر 1952ء میں بھارت کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ کھیل کر اپنے کیرئیر کا آغاز کیا اور 10سال بعد 1962ء میں انگلستان کے خلاف اپنا آخری ٹیسٹ میچ کھیل کر کرکٹ کو الوداع کیا، فضل محمود نے 34ٹیسٹ میچز میں139وکٹیں حاصل کیں اور پاکستانی ٹیم کو فتوحات دلوانے میں اپنا اہم کردار ادا کیا، 1955ء میں انہیں وزڈن کرکٹ کھلاڑی آف دی ایئر کا خطاب دیا تو کہا گیا تھا کہ وہ مردوں اور لڑکیوں کے ہیرو اور عورتوں کے دلوں کی دھڑکن ہیں وہ اپنے وقت کے عمران خان تھے، اس لیجینڈ کرکٹر کا 30مئی2005ء میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوا، قبل ازیں فضل محمود نیشنل کلب کرکٹ چمپئن شپ میں حصہ لینے والی دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز سے مہمان خصوصی کا تعارف ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر شکیل احمد قریشی نے کرایا، بعد ازاں ایم این اے صابر قائم خانی نے لیجینڈ کرکٹرفضل محمود کی92ویں سالگرہ کا کیک کاٹ کر تقریب میں موجود صحافیوں اور کرکٹ آرگنائزرز کو پیش کیا، مہمان خصوصی کو ایاز علی راجپر ایڈوکیٹ نے سندھ کی روایتی ٹوپی، جبکہ حکیم عباسی نے سندھی اجرک کا تحفہ پیش کیا، تقریب میں سینئر کرکٹ آرگنائزر نیاز محمد قریشی، سابق سیکریٹری احمد علی جعفری، میچ ریفری اقبال شیخ، فرسٹ کلاس کرکٹر صادق شیخ، آفتاب منور، شکیل قائم خانی، سید شاکر علی، فیصل محمود، عمران سومرو، استاد سلیم، نعیم زیدی، فرقان عظیم، آغا شاہد اور حنیف قریشی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں