حیدرآباد کا نیاز کرکٹ اسٹیڈیم 13 سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی میزبانی کیلئے تیار

نیاز کرکٹ اسٹیڈیم میں بہت جلد تزئین و آرائش کا کام شروع کردیا جائے گا، ذرائع

Ahmad Tariq احمد طارق منگل 25 فروری 2020 21:33

حیدرآباد کا نیاز کرکٹ اسٹیڈیم 13 سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی میزبانی کیلئے تیار
حیدرآباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 فروری 2020ء) حیدرآباد کا نیاز کرکٹ اسٹیڈیم 13 سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی میزبانی کیلئے تیار۔ ذرائع کے مطابق سندھ حکومت نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ساتھ ملکر نیاز کرکٹ اسٹیڈیم حیدرآباد کی تزئین و آرائش کا کام شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ تزئین و آرائش کا کام بہت جلد شروع کردیا جائے گا، اسٹیڈیم میں بیٹھنے والے افراد کی گنجائش کو بھی بڑھایا جائے گا۔

فیصلہ کیا گیا ہے کہ میڈیا سنٹر کو بھی دوبارہ سے تعمیر کیا جائے گا اور انٹرنیشنل طرز کے نئے اسٹینڈ بھی اسٹیڈیم میں تعمیر کیے جائیں گے۔ پی سی بی اور سندھ حکومت نے ملکر فیصلہ کیا ہے کہ اب حیدر آباد میں بھی انٹرنیشنل میچز کروائے جائیں گے، اسی وجہ سے نیاز کرکٹ اسٹیڈیم حیدرآباد کی تزئین و آرائش کا کام شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ حیدرآباد کے نیاز کرکٹ اسٹیڈیم میں پچھلے 12 سال سے انٹرنیشنل کرکٹ نہیں ہوئی، آخری انٹرنیشنل میچ 2008 میں پاکستان اور زمبابوے کی ٹیموں کے مابین ایک روزہ میچ کھیلا گیا تھا۔ جبکہ نیاز کرکٹ اسٹیڈیم میں آخری ٹیسٹ میچ 1984 میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے مابین کھیلا گیا تھا۔ تاہم، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر 2021 تک نیاز کرکٹ اسٹیڈیم میں تزئین و آرائش کا کام مکمل ہوجاتا ہے تو 13 سال بعد حیدر آباد میں بھی انٹرنیشنل کرکٹ کا میلہ سجے گا۔

دوسری جانب پی سی بی کی جانب سے ملک بھر میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کیلئے بھرپور کوششیں جاری ہیں۔ پی سی بی نے فیصلہ کیا ہے کہ حیدر آباد کے علاوہ ملتان، فیصل آباد اور پشاور میں بھی انٹرنیشنل میچز کروائے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے فیصلہ کیا ہے کہ کچھ عرصے کیلئے اب لاہور اور کراچی میں انٹرنیشنل میچز نہیں کروائیں گے تاکہ ان اسٹیڈیم کی پچز پر زیادہ دباؤ نہ آئے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے ملتان، فیصل آباد، پشاور اور حیدر آباد میں انٹرنیشنل میچز کروانے کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے، اس حوالے سے ملتان، فیصل آباد اور حیدر آباد کے کرکٹ اسٹیڈیم میں تزئین و آرائش کا کام بہت جلد شروع کروادیا جائے گا۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں