زرعی مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، میاں کاشف اشفاق

بدھ 22 جنوری 2020 12:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2020ء) فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ زرعی مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور فیڈمک کاشتکاروں کی خوشحالی اور زراعت کی ترقی کے لئے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر فیڈمک اور زرعی یونیورسٹی کے مابین مختلف زرعی شعبوں اور ان کی پیداواری صلاحیتوں میں اضافہ کے لئے تکنیکی مدد کی فراہمی اور دوطرفہ تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ پاکستان زراعت پر مبنی معیشت ہے اور اس کی آبادی کی اکثریت براہ راست یا بالواسطہ اس شعبہ سے وابستہ ہے۔

(جاری ہے)

جی ڈی پپی میں زرعی شعبے کا حصہ تقریباً 24 فیصد اور ملازمتوں میں اس کی شرح 50 فیصد سے زیادہ ہے۔

شعبہ زرمبادلہ کے حصول کا ایک بہت بڑا ذریعہ رہا ہے، لیکن اس اہمیت کے باوجود ماضی میں اسے بری طرح نظر انداز کیا گیا جس کی وجہ سے لوگ روزگار کے لئے دیہات سے شہروں کی طرف نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوئے۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ اب فیڈمک زرعی شعبہ پر خصوصی توجہ دے رہا ہے۔ ملک میں زراعت پر مبنی صنعت کو فروغ دینے کے لئے سی پیک کے تحت قائم ہونے والے خصوصی اقتصادی زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی اور ایم تھری انڈسٹریل سٹی میں فوڈ پراسیسنگ اور زرعی آلات کے یونٹس لگائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ فیڈمک نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لئے ایم3 انڈسٹریل سٹی میں 250 ایکڑ اراضی مختص کی ہے اورایسے کاروباری ادارے وہاں منتقل ہونے کے فوری بعد اپنا کاروبار شروع کرسکتے ہیں۔ یہ اراضی خاص طور پر ان مقامی سرمایہ کاروں کے لئے محتص کی گئی ہے جو 3 سے 10 ایکڑ رقبہ پر اپنے صنعتی یونٹس قائم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زراعت اور لائیو سٹاک کی مارکیٹنگ ہماری معیشت کے سب سے کمزور شعبے ہیں۔

چھوٹے کاشتکار مارکیٹنگ میں سرمایہ کاری کے متحمل نہیں ہو سکتے، اس لئے فیڈمک اس شعبہ میں کسانوں کو بھر پور مدد فراہم کرے گی۔ سبزیوں، پھلوں اور دودھ جیسی جلد خراب ہونے والی اشیاء کو ذخیرہ کرنے کیلئے مناسب سہولیات کی ضرورت ہے اور فیڈمک ان مصنوعات کی شیلف لائف کو بڑھانے بنانے کے لئے سہولیات فراہم کرے گی۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف نے ملکی معیشت کے فروغ کے لئے زرعی تحقیق میں سرمایہ کاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ریسرچ کلچر کو فروغ دینے کے لئے یونیورسٹی غیر معمولی کاوشیں کر رہی ہے۔

پاکستان میں زرعی ترقی اور زرعی مصنوعات کی برآمدات کے فروغ کے لئے جدید ٹکنالوجی کے استعمال کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد سائنس، انجینئرنگ، ریسرچ اور ڈویلپمنٹ کلچرز کو مستحکم کرنے کے لئے فیڈمک کے لئے خصوصی پروگرام تیار کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی زراعت اور خوراک کے شعبوں میں کام کرنے والی بزنس کمیونٹی کو بہتر پیداوار والی فصلوں، زمین کی خرابی سے نمٹنے کے لئے موثر تکنیکی حل اور دیگر ٹیکنالوجیز میں مدد فراہم کرے گی جن کا اطلاق مقامی تناظر میں کیا جاسکتا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف نے پاکستان میں زرعی صنعت کے فروغ کے لئے میاں کاشف اشفاق کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ فیڈمک اس شعبہ میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں