چاول کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ میں سالانہ بنیاد پر 19.04 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ،پاکستان بیورو برائے شماریات

جمعرات 2 دسمبر 2021 15:22

چاول کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ میں سالانہ بنیاد پر 19.04 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی  ،پاکستان بیورو برائے شماریات
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2021ء) ملک سے چاولوں کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ میں  سالانہ بنیاد پر  19.04 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے ۔پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے چار ماہ میں چاولوں کی برآمدات  سے 594.52 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں چاولوں کی برآمدات سے 499.44ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق جاری سیزن میں 9 ملین ٹن چاول کی برآمد کا امکان ہے، گزشتہ سیزن کے دوران 8.4 ملین ٹن چاول کی برآمد ریکارڈ کی گئی تھی۔ باسمتی چاول کی برآمدات سے جاری مالی سال سے 206.013 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 27.44 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں باسمتی چاول کی برآمد سے 161.65 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔ چاولوں کی دیگر اقسام کی برآمدات میں اضافے کی شرح 15.02 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ جاری سیزن میں باسمتی کے علاوہ دیگر اقسام کی چاول کی برآمدات سے 388.5 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 337.78 ملین ڈالر تھا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں