پاکستان میں سازگار ماحول کے باعث براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 37 کروڑ 38 لاکھ ڈالر کا اضافہ ،غیر ملکی سرمایہ کاری 2 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی

جمعرات 22 جون 2017 16:49

پاکستان میں سازگار ماحول کے باعث براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 37 کروڑ 38 لاکھ ڈالر کا اضافہ ،غیر ملکی سرمایہ کاری 2  ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2017ء) پاکستان میں امن و امان بہتری اور سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول کے باعث براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 37 کروڑ 38 لاکھ ڈالر اضافہ کے ساتھ 2 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی۔ مئی میں بیرونی سرمایہ کاری 31 کروڑ10 لاکھ ڈالر رہی۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 11 ماہ (جولائی 2016ء سے مئی 2017ئ) کے دوران مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں ایک ارب 38 کروڑ 99 لاکھ ڈالر زائد رہی۔

گزشتہ مالی سال کے دوران مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری کی مالیت ایک ارب 25 کروڑ 40 لاکھ ڈالر تھی جبکہ رواں مالی سال کی11 ماہ کے دوران مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری 2 ارب 64 کروڑ 39 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی۔

(جاری ہے)

غیر ملکی نجی سرمایہ کاری 27 فیصد اضافہ سے ایک ارب 27 کروڑ 33 لاکھ ڈالر کے مقابلہ میں ایک ارب 61 کروڑ 67 لاکھ ڈالر رہی۔ براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں رواں مالی سال کے دوران 37 کروڑ 38 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی مالیت 1 ارب 65کروڑ 42لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 2ارب 2کروڑ 80لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی، پورٹ فولیو سرمایہ کاری منفی 41کروڑ 13لاکھ ڈالر رہی جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں پورٹ فولیو سرمایہ کاری میں 38کروڑ ڈالر کمی ہوئی تھی۔

رواں مالی سال کے دوران غیرملکی پبلک انویسٹمنٹ 1ارب 2 کروڑ 72لاکھ ڈالر رہی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں منفی 1کروڑ 93لاکھ ڈالر رہی تھی۔ مئی 2017میں مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت 31کروڑ 10لاکھ ڈالر رہی جس میں مجموعی نجی سرمایہ کاری 27کروڑ 12لاکھ ڈالر جبکہ براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت 29 کروڑ 47لاکھ ڈالر رہی، پورٹ فولیو سرمایہ کاری منفی 2کروڑ 34لاکھ ڈالر رہی جبکہ غیرملکی پبلک انوسٹمنٹ 4 کروڑ 97 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں