سیرین ایئرلائن چیمبر کے ممبران کو ملکی پروازوں پر کرایے میں ڈسکائونٹ دے گی

اسلام آباد چیمبر آف کامرس کا سیرین ایئرلائن کی طرف سے ممبران کو مراعاتی پیکچ دینے کا خیر مقدم

پیر 6 نومبر 2017 18:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 نومبر2017ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے سیرین ایئر لائن کے ساتھ سمجھوتے کی ایک یادداشت پر دستخط کئے ہیں جس کے مطابق سیرین ایئرلائن چیمبر کے ممبران کو ملکی پروازوں پر کرایے میں ڈسکائونٹ دے گی۔ اس سلسلے میں چیمبر میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید اور سیرین ایئرلائن کے چیف کمرشل آپریشن خالد بشیر انجم نے سمجھوتے کی یادداشت پر دستخط کئے۔

سمجھوتے کے تحت سیرین ائیرلائن چیمبر کے عہدیداران اور ایگزیکٹو ممبران کو ملکی پروازوں پر کرایے میں 15فیصد اور چیمبر کے ممبران کو 10فیصد کارپوریٹ ڈسکائونٹ فراہم کرے گی۔ ڈسکائونٹ چیمبر کا ممبرشپ کارڈ دکھانے پر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ سیرین ایئرلائن چیمبر کے ممبران کو خصوصی مراعات بھی فراہم کرے گی جن میں ائیرپورٹ پر پروٹوکول اور تیز رفتار سروس کی فراہمی، سیٹ کی تصدیق کی گارنٹی، شیرخوار بچوں کو مفت سفر کی سہولت ، بچوں کیلئے خصوصی ڈسکائونٹ، سیٹوں کی ایڈوانس بکنگ اور ایک فلائٹ منسوخ ہونے کی صورت میں اگلی فلائٹ میں سیٹ کی گارنٹی شامل ہیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ سیرین ایئرلائن کی طرف سے چیمبر کے ممبران کو مراعاتی پیکج فراہم کرنے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ سیرین ایئرلائن کے مراعاتی پیکج سے چیمبر کے ممبران کو ملک کے دوسرے شہروں میں بزنس میٹنگ کیلئے جانے اور کاروبار کے نئے مواقع تلاش کرنے کی کوششوں میں سہولت ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ اقتصادی سرگرمیوں کے بہتر فروغ کیلئے تاجر برادری کے ساتھ ائیر لائنوں کا تعاون بہت ضروری ہے اور کہا کہ سیرین ایئرلائن کا چیمبر کے ممبران کیلئے اسپیشل پیکج کی پیشکش اس طرف ایک مثبت پیش رفت ہے۔ انہوں نے چیمبر کے ممبران پر زور دیا کہ وہ ملک کی دیگر تاجر برادری کے ساتھ مضبوط روابط قائم کرنے اور کاروبار کے نئے مواقع تلاش کرنے کیلئے سیرین ایئرلائن کے مراعاتی پیکج سے بھرپور استفادہ حاصل کریں۔

سیرین ایئرلائن کے چیف کمرشل آپریشن خالد بشیر انجم نے کہا کہ چیمبر کے ممبران کو مراعاتی پیکج پیش کرنے کا مقصد ان کو کاروبار فروغ دینے کی کوششوں میں سہولت فراہم کرنا ہے اور اس امید کا اظہار کیا کہ چیمبر کے ممبران اپنے کاروبار کو وسعت دینے کیلئے اس پیکج سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید اور نائب صدر نثار احمد مرزا نے سیرین ایئرلائن کو یقین دہانی کرائی کہ چیمبر ائیرلاین کے کاروباری مفادات کو فروغ دینے میں بھرپور تعاون کرے گا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں