اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کاسینئر نائب صدر محمد نوید ملک کی قیادت میں جدہ چیمبر آف کامرس کا دورہ

وفد کی جدہ چیمبر کے وائس چیئرمین مازن محمد بترجیی سے ملاقات، دونوں چیمبرز کے عہدیداران کا پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی تجارت کومزید بہتر کرنے کے امور پر تبادلہ خیال ، دونوں ممالک کی دوطرفہ تجارت کو بہتر کرنے کے لئے وہ مل کر کوششیں کرنے کے عزم کا اعادہ

جمعہ 20 جولائی 2018 19:22

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کاسینئر نائب صدر محمد نوید ملک کی قیادت میں جدہ چیمبر آف کامرس کا دورہ
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2018ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے چیمبر کے سینئر نائب صدر محمد نوید ملک کی قیادت میں جدہ چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا اور جدہ چیمبر کے وائس چیئرمین مازن محمد بترجیی سے ملاقات کی۔ وفد میں محمد فہیم خان اور محمد اشفاق چھٹہ شامل تھے۔ ملاقات میں دونوں چیمبرز کے عہدیداران نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی تجارت کومزید بہتر کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا اوراس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کی دوطرفہ تجارت کو بہتر کرنے کے لئے وہ مل کر کوششیں کریں گے۔

جدہ چیمبر آف کامرس کے وائس چیئرمین مازن محمد بترجیی نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کا پرتپاک انداز میں استقبال کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب اسلامی دنیا کے دو اہم ممالک اور قریبی دوست ہیں لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید بہتر کرنے کیلئے دونوں ممالک کے نجی شعبوں کو مزید قریب لایا جائے تا کہ تاجر برادری آپس میں براہ راست ملاقاتیں کر کے مشترکہ تعاون کی نئی راہیں تلاش کر سکے۔

مازن محمد بترجیی نے کہا کہ سعودی عرب اپنے عوام کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے بہت سی اشیاء باہر سے درآمد کرتا ہے اور پاکستان کی تاجر برادری کیلئے یہ اچھا موقع ہے کہ وہ سعودی عرب کی مارکیٹ میں اپنی برآمدات کو فروغ دینے کیلئے کوششیں تیز کرے۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ اسلام آبادچیمبر آف کامرس کے وفد کا سعودی عرب کا موجودہ دورہ فائدہ مند ثابت ہو گا اوریقین دہانی کرائی کہ ان کا چیمبر اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے ساتھ مل کر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی کوشش کرے گا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید ملک نے کہا کہ پاکستان اور سعود ی عرب متعدد شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر سکتے ہیں جس کیلئے ضروری ہے کہ دونوں ممالک باقاعدگی کے ساتھ تجارتی وفود کا تبادلہ کرتے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فوڈ پراڈکٹس بشمول سبزیاں و پھل، گوشت، مچھلی، ٹیکسٹائل مصنوعات، فیشن گارمنٹس، حج و عمرہ کے احرام، انجینئرنگ گڈز، آلات جراحی، کھیلوں کا سامان، آٹو پارٹس اور لائٹ مشینری سمیت اپنی متعدد مصنوعات سعودی عرب کو برآمد کر سکتا ہے، سعودی عرب کے امپورٹرز پاکستان سے ان مصنوعات کی درآمد پر توجہ دیں۔

محمد نوید ملک نے کہا کہ تیل و گیس کی تلاش، معدنیات، ماربل وگرینائیٹ، تعمیرات اور انفراسٹریکچر کی ترقی سمیت پاکستان کی معیشت کے متعدد شعبوں میں سعودی سرمایہ کاروں کیلئے سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع موجود ہیں جبکہ سی پیک منصوبے نے پاکستان میں جوائنٹ وینچرز و سرمایہ کاری کے مزید نئے مواقع پیدا کر دیئے ہیں لہذا جدہ چیمبر آف کامرس سعودی عرب کو چاہیے کہ وہ سعودی عرب سرمایہ کاروں کو پاکستان میں کاروبار و سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی زیادہ سے زیادہ ترغیب دے جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔

محمد فہیم خان اور محمد اشفاق چٹھہ نے بھی اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے مفید تجاویز دیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں