صنعتی شعبے کی ترقی کیلئے نئی حکومت یونیورسٹیوں میں اپلائیڈ ریسرچ کو فروغ دینے پر توجہ دے، شیخ عامر وحید

نیشنل کلین ٹیک پلیٹ فارم ایس ایم ای شعبے میں کلین ٹیکنالوجی مصنوعات کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہو گا، ڈاکٹر شاہینہ وحید

جمعرات 16 اگست 2018 20:20

صنعتی شعبے کی ترقی کیلئے نئی حکومت یونیورسٹیوں میں اپلائیڈ ریسرچ کو فروغ دینے پر توجہ دے، شیخ عامر وحید
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اگست2018ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک نے اپلائیڈ ریسرچ پر توجہ دے کر تیز رفتار صنعتی ترقی حاصل کی ہے لہذا انہوں نے نومنتخب حکومت پر زور دیا کہ وہ یونیورسٹیوں میں اپلائیڈ ریسرچ کو فروغ دینے پر زیادہ توجہ دے جس سے ملک میں صنعتی شعبے کو بہتر ترقی ملے گی اور پاکستان جلد ایک صنعتی ملک بن کر ابھرے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیمبر میں یونیڈو کے ساتھ منعقدہ" نیشنل کلین ٹیک پلیٹ فارم" کی پہلی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شیخ عامر وحید نے اس بات پر زور دیا کہ ملک میں اکیڈیمیا روابط ، پالیسی اصلاحات اور صنعتی شعبے کی ضرورت کے مطابق اپلائیڈ ریسرچ کو فروغ دینے کی ضرورت ہے جس سے ملک میں صنعتی ترقی کو بہتر فروغ ملے گا۔

(جاری ہے)

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید ملک، نائب صدر نثار مرزااور دیگر بھی اس موقع پرموجود تھے۔

نیشنل کلین ٹیک پلیٹ فارم اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی-" انوویشن اینڈ انٹرپرنیورشپ فورم "کے تحت اپنا کام کرے گا۔ یونیڈو اسلام آباد چیمبر آف کامرس،نیشنل پراڈیکٹیویٹی آرگنائزیشن، پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف رینیوایبل انرجی، پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ ، ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان اور وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے اشتراک سی نیشنل کلین ٹیک پلیٹ فارم قائم کرے گا اور اس پلیٹ فارم کامقصد چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں میں کلین ٹیک شعبے میں ریسرچ، انوویشن، انٹرپرینیورشپ اور کمرشلائزیشن کو فروغ دینا ہو گا۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سب سے پہلے نیشنل کلین ٹیک پلیٹ فارم کو چیئر کرے گا جبکہ باری باری سب شراکت دار ادارے پلیٹ فارم کو چیئر کریں گے۔ نیشنل کلین ٹیک پلیٹ فارم کا ایک ایڈوائزی بورڈ قائم کیا جائے گا جس میں پبلک و پرائیویٹ سیکٹر کے مالیاتی انسٹی ٹیونشنز، اکیڈیمیا اور دیگر سٹیک ہولڈر اداروں کے نمائندگان شامل ہوں گے۔

چیمبر وہ پہلا ادارہ ہے جس نے یونیڈو کے ساتھ مل کر نیشنل کلین ٹیک پلیٹ فارم کے قیام کیلئے کوششوں کا آغاز کیا ہے اوریہ پلیٹ فارم تمام سٹیک ہولڈر اداروں کو ایک جگہ اکھٹا کرے گا تاکہ ایس ایم ایز میں کلین ٹیکنالوجی کے شعبے میں ریسرچ، انوویشن، انٹرپرینیورشپ اور کمرشلائزیشن کو فروغ دنے کیلئے کام کیا جا سکے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے یونیڈو کی نیشنل پروگرام کوآرڈینیٹر ڈاکٹر شاہینہ وحید نے کہا کہ یونیڈو گلوبل کلین ٹیک انوویشن پروگرام اپنی مختلف سرگرمیوں کے ذریعے پاکستان میں پائیدار اقتصادی ترقی کیلئے سرگرم عمل ہے اور یونیڈو جی سی آئی پی اب چیمبر کے ساتھ مل کر چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں میں خاص طور پر کلین ٹیکنالوجی کے شعبے میں انوویشن اور انٹرپرینیورشپ کلچر کو فروغ دینا چاہتا ہے تا کہ یہ کاروباری ادارے پاکستان کی صنعتی و اقتصادی ترقی میں فعال کردار ادا کر سکیں۔

انہوںنے اس امید کا اظہار کیا کہ یونیڈو جی سی آئی پی اور چیمبر کے اشتراک سے نیشنل کلین ٹیک پلیٹ فارم کا قیام اکیڈیمیا انڈسٹری روابط کو فروغ دینے اور پاکستان میں ایس ایم ای شعبے میں کلین ٹیکنالوجی مصنوعات کو ترقی دینے میں معاون ثابت ہو گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں