پاکستان کی تاجر برادری نے بھارتی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، شیخ عامر وحید

منگل 25 ستمبر 2018 18:49

پاکستان کی تاجر برادری نے بھارتی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، شیخ عامر وحید
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2018ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا ہے کہ بھارتی قیادت کے نامناسب رویہ کی وجہ سے پاکستان کی تاجر برادری کو مایوسی ہوئی ہے، پاکستان کی طرف سے وزراء خارجہ کی سطح پر بات چیت کا عمل شروع کرنے کی پیشکش کو قبول کرکے بھارت نے انکار کیا جو سمجھ سے باہر ہے، پاکستان کی تاجر برادری نے بھارتی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو اس وقت تک جاری رہے گا جب تک بھارت اپنا نامناسب رویہ تبدیل نہیں کرتا۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک کی حالیہ رپورٹ کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان 37 ارب ڈالر سالانہ تجارت کی صلاحیت موجود ہے لیکن بھارتی قیادت کا پاکستان کے ساتھ سیاسی کشیدگی برقرار رکھنے کا رویہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے تاکہ باہمی تجارت ترقی کرے اور عوام کا معیار زندگی بہتر ہو لیکن بدقسمی سے ہمار ے بڑے ہمسائے کی سیاسی و عسکری قیادت دور اندیشی سے عاری نظر آتی ہے جس وجہ سے جنوبی ایشیاء کی دو ایٹمی قوتیں باہمی تجارتی و اقتصادی تعلقات کو صلاحیت کے مطابق ترقی دینے سے اب تک قاصر ہیں۔

شیخ عامر وحید نے کہا کہ بھارت کی تاجر برادری بھی پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات کی خواہاں ہے کیونکہ پرامن ماحول کی موجودگی میں ہی دونوں ممالک تجارتی تعلقات کو بہتر طور پر فروغ دے سکتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ دونوں ممالک کی اکثریتی آبادی غربت و بے روزگاری کے مسائل سے دوچار ہے جبکہ باہمی تجارتی تعلقات کو بہتر کرکے ہی عوام کا معیار زندگی بہتر کرنے کی طرف مثبت پیشرفت کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ سیاسی کشیدگی کی فضاء قائم رکھنے سے بھارت کو کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قیادت نے بات چیت کی پیشکش کر کے فراخ دلی اور دوراندیشی کا مظاہرہ کیا تھا لیکن بھارت نے اس پیشکش کو ٹھکرا کو اپنے عوام کو غربت سے نکالنے کا ایک اچھا موقع ضائع کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک بھارت اپنے جارحانہ رویہ کو تبدیل کرکے پاکستان کے ساتھ بات چیت کا عمل شروع نہیں کرتا اور سیاسی کشیدگی کے ماحول کو بہتری میں تبدیل نہیں کرتا پاکستان کی تاجر برادری انڈین مصنوعات کا بائیکاٹ جاری رکھے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں