انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع نہیں ہوئی‘

گوشوارے جمع کروانے کی آخری تاریخ تیس ستمبر ہے چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو راولپنڈی ڈاکٹر حامد عتیق سرور کی راولپنڈی اسلام آباد ٹیکس بار ایسوسی ایشن وفد سے بات چیت

بدھ 26 ستمبر 2018 16:25

انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع نہیں ہوئی‘
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2018ء) چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو ریجنل ٹیکس آفس راولپنڈی ڈاکٹر حامد عتیق سرورنے کہا ہے کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع نہیں ہوئی۔ گوشوارے جمع کروانے کی آخری تاریخ تیس ستمبر ہے اس لئے ٹیکس گزار کسی ابہام میں نہ رہیں۔یہ بات انہوں نے راولپنڈی اسلام آباد ٹیکس بار ایسوسی ایشن (رِٹبا)کے صدر سیّد توقیر بخاری کی قیادت میں آنے والے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جس میں فرازفضل شیخ، نعیم الحق، زاہد شفیق، سیّد تنصیر بخاری، صوفیہ اختر، حسن رضا،خالد مسعوداور توصیف عالم شامل تھے۔

انھوں نے کہا کہ جو لوگ بروقت گوشوارے جمع نہیں کروا سکتے وہ تیس ستمبر تک گزشتہ سال کے جمع کروائے گئے ٹیکس کی روشنی میں اندازے سے ٹیکس جمع کروا دیں تو انھیں توسیع دے دی جائے گی۔

(جاری ہے)

جو لوگ بروقت ریٹرن یا کچھ ٹیکس نہیں جمع کروا سکے ان کا نام ٹیکس گزاروں کی فہرست سے نکال دیا جائے گا جس میں دوبارہ شامل ہونے کیلئے انھیں اگلے سال مارچ تک انتظار کرنا ہوگا جبکہ اس دوران ان سے نان فائیلرز کے برابر ود ہولڈنگ ٹیکس وصول کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے چیف کمشنرز کی وزیر خزانہ سے جلد میٹنگ طے ہے جس میں درخواست کی جائے گی کہ اگر تاریخ میں توسیع کرنی بھی ہو تو صرف ان ٹیکس گزاروں کو سہولت دی جائے جنھوں نے تیس ستمبر تک اندازے کی بنیاد پرکچھ ٹیکس جمع کروایا ہو جسے بعد میں ریٹرن میں ایڈجسٹ کیا جا سکے گا۔اس موقع پررِٹبا کے صدر سیّد توقیر بخاری نے چیف کمشنرکو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ وہ اپنے کلائنٹس کو بروقت ٹیکس جمع کروانے کا کہیں گے ۔ ریجنل ٹیکس آفس اور رِٹبا کے نمائندوں پر مشتمل ایک کمیٹی بھی بنائی گئی جو مل کر ٹیکس نیٹ میں توسیع کرنے کے لئے تجاویز دے گی اور اس سلسلہ میں اقدامات کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں