سعودی عرب کے تاجروں اور سرمایہ کاروں کا وفد 18 اکتوبر سے پاکستان کا دورہ کرے گا

منگل 16 اکتوبر 2018 14:19

سعودی عرب کے تاجروں اور سرمایہ کاروں کا وفد 18 اکتوبر سے پاکستان کا دورہ کرے گا
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2018ء) سعودی عرب کے سینئر حکومتی اہلکاروں کی قیادت میں تاجروں اور سرمایہ کاروں کا وفد 18 اکتوبر سے پاکستان کا دورہ کرے گا۔ وفد کے اراکین پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات پر پاکستانی حکام سے بات چیت کریں گے۔ وزارت تجارت کے حکام کے مطابق سعودی وفد کے اراکین پاکستانی حکام سے پٹرولیم، زراعت، ٹیکسٹائل اور کیمیکل سمیت مختلف شعبوں میں تجارت اور سرمایہ کاری کے امکانات کو فروغ دینے سے متعلق امور پر گفت و شنید کریں گے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان نے دونوں برادر ملکوںکے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے سعودی عرب کو آزادانہ تجارت کے معاہدے کی تجویز دی ہے اور سعودی عرب نے اس ضمن میں جائزے کے بعد مذاکرات پر آمادگی کا اظہار کیا ہے، پاکستان نے سعودی عرب کو ایف ٹی اے سے قبل ترجیحی تجارت کے معاہدے پر دستخط کی تجویز دی تھی تاکہ تجارتی تعلقات میں اضافہ کیا جاسکے اور دونوں ممالک کے درمیان ٹیرف میں کمی لائی جاسکے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق برآمدی اہداف کے حصول اور اقتصادی ترقی و خوشحالی کے لئے اضافی برآمدات کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں، حکومت برآمدات اور انجینئرنگ، ٹیکسٹائل، زراعت اور کیمیکل کے شعبوں میں مینوفیکچرنگ میں اضافے کیلئے پرعزم ہے، حکومت برآمدات پر مبنی بڑھوتری میں دلچسپی رکھتی ہے، ہماری کوشش ہے کہ درآمدات پر انحصار کم اور برآمدات میں اضافے پر توجہ دی جائے، ابتدائی طور پر ہم انجینئرنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، کیمیکلز اور اختراعی ٹیکنالوجیز میں برآمدات میں اضافے پر توجہ دے رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ٹیکسٹائل کے شعبے سے متعلق برآمدات بالخصوص نیٹ ویئرز، گارمنٹس، لیدر کی مصنوعات، چاول اور شعبوں کی برآمدات پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ ٹیکسٹائل اور صنعتی برآمدات میں اضافے کیلئے تمام سٹیک ہولڈروں کی مشاورت سے جامع پالیسی اور گائیڈ لائنز مرتب کی جا رہی ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں