اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور آئی سی ایم اے پی کے اشتراک سے مشاورتی اجلاس کا انعقاد

بدھ 17 اکتوبر 2018 21:13

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور آئی سی ایم اے پی کے اشتراک سے مشاورتی اجلاس کا انعقاد
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2018ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے انسٹی ٹیوٹ آف کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکائونٹنٹس آف پاکستان (آئی سی ایم اے پی) کے اشتراک سے ایک مشاورتی اجلاس منعقد کیا تاکہ تاجر برادری کو ٹیکس کی ادائیگی میں پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں آگاہی حاصل کرکے ان کے حل کیلئے حکومت کو ٹھوس تجاویز دی جائیں۔

انسٹی ٹیوٹ آف کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکائونٹنٹس آف پاکستان کی اسلام آباد برانچ کونسل کے سیکرٹری عادل امین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے کہا کہ ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کیلئے حکومت چھوٹے کاروباری اداروں کیلئے مناسب شرح پر ایک فکسڈ ٹیکس عائد کرے جس سے ٹیکس کلچر کی حوصلہ افزائی ہو گی اور ٹیکس ریونیو میں بھی اضافہ ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کا موجودہ ٹیکس نظام بہت پیچیدہ ہے جس سے خاص طور پر چھوٹے کاروباری اداروں کو ٹیکس ریٹرن تیار کرنے میں کافی مشکلات درپیش ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ محکمہ ٹیکس ریٹرن کو آسان اور سہل بنائے تا کہ چھوٹے تاجر جو ٹیکس مشیروں کی خدمات حاصل کرنے سے قاصر ہوتے ہیں خود ہی اس کو پر کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیکس دہندگان کی درجہ بندی کر کے ان کو مراعات فراہم کرنے پر غور کرے جس سے ٹیکس کلچر کی حوصلہ افزائی ہو گی۔

انہوںنے کہا کہ فائلرز کیلئے حالات تنگ کرنے کی بجائے حکومت نئے لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی کوشش کرے ۔اس موقع پر تاجر برادری نے ٹیکس سے متعلق مختلف مسائل کی نشاندہی کی اور حکومت سے ان کو حل کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوںنے کہا کہ نیا کاروبار شروع کرنے والا ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کے باجود ایک سال تک نان فائلر شمار کیا جاتا ہے اور 18ماہ بعد فائلر تسلیم کیا جا تا ہے جو ٹیکس دہندگان کے ساتھ زیادتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خاص طور پر ریٹیلرز کو ودہولڈنگ ٹیکس ایجنٹ بنانے سے ان کو شدید مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ اپنے کاروبار پر توجہ دینے کی بجائے ان کا بہت سا وقت ودہولڈنگ ٹیکس اکٹھا کرنے پر صرف ہوتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایف بی آر ٹیکس کولیکشن، پالیسی سازی اور انفورسمنٹ کے فنکشنز کو الگ کرے جس سے ٹیکس نظام میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر ٹیکس دہندگان کی مشاورت سے موجودہ ٹیکس نظام پر جامع انداز میں نظرثانی کرے تا کہ اس میں پائی جانے والی خامیوں کو دور کیا جائے۔

انسٹی ٹیوٹ آف کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکائونٹینٹس آف پاکستان اسلام آباد برانچ کونسل کے سیکرٹری عادل امین نے اپنے خطاب میںکہا کہ ان کا ادارہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے تعاون سے مقامی صنعتی و تجارتی اداروں کے ساتھ مشاورت کر کے حکومت کیلئے بجٹ سمیت دیگر تجاویز تیار کرنے کی کوشش کرے گا اور ٹیکس مسائل کے حل کیلئے بھی حکومت کو تجاویز پیش کی جائیں گی تا کہ مسائل حل ہونے سے تاجر برادری کو سہولت ہو اور ٹیکس بنیاد کو وسعت دینے کی طرف مثبت پیشرفت ہو۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اجلاسوں کا سلسلہ باقاعدگی کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں