رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں ترسیلات زر میں 12.5 فیصد اضافہ

حجم 9.025 ارب ڈالر تک پہنچ گیا سب سے زیادہ ترسیلات زر سعودی عرب سے پاکستانیوں نے بھیجیں ، سٹیٹ بنک کی رپورٹ

منگل 11 دسمبر 2018 16:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 دسمبر2018ء) تارکین وطن پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران 12.5 فیصد اضافے سے 9.025 ارب ڈالرز تک پہنچی ہیں جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے دوران 8.021 ارب ڈالرز تھیں ۔ سٹیٹ بنک آف پاکستان کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نومبر مہینے میں 19.6 فیصد اضافے سے 1.609 ارب ڈالرز رہیں جبکہ اس سے قبل اکتوبر میں یہ 2 ارب ڈالرز رہیں ۔

بنکرز کا کہنا ہے کہ غیر قانونی منی لانڈرنگ پر سختی سے اچھے نتائج دیئے ہیں کیونکہ اب زیادہ تر ترسیلات زر بنکوں کے ذریعے آ رہی ہیں ۔ ایس بی پی نے حال ہی میں ہنڈی اور ہوالہ جیسے غیر قانونی کاروبار اور منی لانڈرنگ کے خاتمے کے لئے سخت اقدامات اٹھائے ۔ کرنسی ماہرین کا کہنا ہے کہ ان دنوں غیر قانونی ٹرانزیکشن ناممکن ہو رہی ہیں ۔

(جاری ہے)

اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ ترسیلات زر سعودی عرب سے آئیں اور یہ رواں سال کے پانچ ماہ میں 2.152 ارب ڈالرز رہیں جو پانچ فیصد گروتھ کو ظاہر کرتی ہیں جبکہ متحدہ عرب امارات اس کے قریبی رہا اور یہاں سے 1.95 ارب ڈالرز ترسیلات زر آئیں جو 6 فیصد کو ظاہر کرتی ہیں ۔

امریکہ تیسرے نمبر پر ہے جہاں سے رقوم بھیجی گئیں اور یہ 33.2 فیصد اضافے سے اس عرصے میں 1.393 ارب ڈالرز رہیں ۔ملائیشیا بھی پاکستان کے لئے ترسیلات زر میں اہم مقام حاصل کر چکا ہے ۔ رواں مالی سال کے دوران پہلی دفعہ یہاں سے ترسیلات زر آدھے ملین سے زائد ہو گئیں ہیں اور ان میں 53.3 فیصد اضافہ ہوا ہے اور یہ 5616 ملین ڈالرز تک پہنچ گئی ہیں جبکہ برطانیہ سے ترسیلات زر 14.2 فیصد سے بڑھ کر 1.286 ارب ڈالرز ہو گئیں ۔۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں