پاکستان ورکرز فیڈریشن اور سی ڈی اے مزدور یونین کے زیر اہتمام سٹیک ہولڈرز کا اجلاس

لیبر فورس کا بڑا حصہ سماجی تحفظ کے اداروں سے ملنے والی مراعات سے محروم ہے، سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری یٰسین کا اجلاس سے خطاب

منگل 11 دسمبر 2018 16:52

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2018ء) پاکستان ورکرز فیڈریشن اور سی ڈی اے مزدور یونین کے زیر اہتمام سٹیک ہولڈرز کا اہم اجلاس اسلام آباد چیمبرآف کامرس کی بلڈنگ میں منعقد ہواجس میں پاکستان ورکرز فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری محمد ظہور اعوان ،سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین ،آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری ٹکا خان ،پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ کے صدر محمد افضل بٹ ،اسلام آباد چیمبرآف کامرس کے سینئر نائب صدر خالد محمود چوہدری سمیت ای اوبی آئی ، سوشل سکیورٹی ،لیبر ڈیپارٹمنٹ ،میڈیا اورآجر کے نمائندوں نے شرکت کی ۔

اجلاس میں سماجی تحفظ کے ادارے اور ان سے ملنے والی مراعات کے بارے میں پاکستان ورکرز فیڈریشن کے ماسٹر ٹرینر اسد محمود نے تفصیلی بریفنگ دی جس پر سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں صنعتی مزدور بہت کسمپرسی کی زندگی گزار رہا ہے ، لیبر فورس کا ایک بڑا حصہ سماجی تحفظ کے اداروں سے ملنے والی مراعات سے محروم ہے اور نہ ہی ان ورکرز کو ان اداروں میں رجسٹرڈ کرایا جاتا ہے ،18ویں ترمیم کے بعد ان اداروں کی مشکلات میں کافی اضافہ ہوا ہے اور محنت کش طبقہ بے چینی کا شکار ہے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاکستان ورکرز فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری ظہور اعوان نے کہا کہ پاکستان ورکرز فیڈریشن سماجی تحفظ کے اداروں اور ان سے ملنے والی مراعات کے حوالے سے بھرپور مہم چلا رہی ہے اور اسی سلسلے میں مختلف آگاہی پروگرامز جاری ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ہماری جدوجہد جاری رہے گی اور زیادہ سے زیادہ ورکر ز کو دائرہ کار میں لانے کے لیے سوشل ڈائیلاگ کے ذریعے قوانین پر عمل درآمد کرایا جائے گا تاکہ غیر رسمی شعبے خصوصاً زراعت اور گھریلو پیشے سے وابستہ مزدوروں کو اس دائرہ کار میں لایا جائے اور مزدوروں کو اس حوالے سے آگاہی دی جائے۔

اس موقع پر تمام سٹیک ہولڈرز نے پاکستان ورکرز فیڈریشن کی سماجی تحفظ کے اداروں کے حوالے سے چلائی گئی مہم کی بھرپور حمایت کی اور ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔اجلاس کے آخر میں تمام شرکاء نے چیئرمین آل پاکستان نیوز ایمپلائز کیفڈریشن شفیع الدین اشرف کے ایصال ثواب کے لیے دعائے مغفرت کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں