پی ٹی سی ایل نے ٹیلی کام ریویو ایکسیلینس ایوارڈ کی تقریب میں بہترین ایشیائی آپریٹر کا ایوارڈ اپنے نام کر لیا

جمعرات 13 دسمبر 2018 23:54

پی ٹی سی ایل نے ٹیلی کام ریویو ایکسیلینس ایوارڈ کی تقریب میں بہترین ایشیائی آپریٹر کا ایوارڈ اپنے نام کر لیا
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے دبئی میں منعقدہ ٹیلی کام ریویو ایکسیلینس ایوارڈ کی تقریب میں بہترین ایشیائی آپریٹر کا ایوارڈ اپنے نام کر لیا۔ پی ٹی سی ایل کے مطابق ڈاکٹر ڈینئل رٹز، پریزیڈنٹ اور سی ای او، پی ٹی سی ایل نے یہ ایوارڈ کمپنی کی جانب سے وصول کیا۔

مذکورہ ایوارڈ انڈسٹری کے سرکردہ لیڈرز کو 2018 ء میں ان کی محنت اور قابلیت کو سراہنے کیلئے دیئے گئے۔ جیتنے والوں کا انتخاب ان کے مخصوص شعبوں میں بہترین صلاحیتوں کے اظہار پر کیا گیا۔ یہ انتخاب انڈسٹری کے تجربہ کار لوگوں پر مشتمل ایک خود مختار پینل نے کیا۔ اس موقع پرڈاکٹر ڈینئل رٹز، پریزیڈنٹ اور سی ای او، پی ٹی سی ایل نے کہا کہ انہیں پی ٹی سی ایل کی ٹیم پر فخر ہے جس کی بے مثال کارکردگی کی بدولت وہ یہ ایوارڈ وصول کر رہے ہیں، انہی کی کاوشوں سے ہم ایشیاء کے بہترین آپریٹر بنے، پی ٹی سی ایل نے ایسے بہت سے کلیدی اقدامات اٹھائے ہیں جس کے تحت ایک ایسے کلچر کو فروغ دیا جا رہا ہے جس میں کسٹمر سروس سرِفہرست ہو اور اس کے ساتھ ساتھ نیٹ ورک میں بھی جدت لائی جا سکے۔

(جاری ہے)

نیٹ ورک ٹرانسفارمیشن پراجیکٹ کے ذریعے سے ہم نے 100 ایکسچینجز کو پاکستان بھر میں بہتر کیا ہے اور یہ ہمارے صارفین کیلئے بہت فائدہ مند ثابت ہوگا۔مجموعی طور پر پی ٹی سی ایل میں کام کا ماحول بہتر سے بہتر ہو رہا ہے ، اب کلیدی اقدار ، صنفی تنوع اور ملازمین کو فعال بنانے پر مزید بہت کام ہو رہا ہے، اس سلسلہ میں جیسے کہ کام کو بروقت کرنا، کلائوڈ ٹیکنالوجی کی طرح کی جدت کو روشناس کرانا اور اس کے ساتھ ساتھ بہت سی نئی حکمت عملی تشکیل دی گئی ہیں۔ یہ تمام اقدامات پاکستان بھر میں کئے جا رہے ہیں جس میں کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (سی ایس آر)بھی شامل ہے کیونکہ پی ٹی سی ایل ایک قومی کمپنی ہے، اس لئے کمپنی ملک کے مختلف علاقوں میں سہ ماہی بنیادوں پر نئی کاوشیں کرتی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں