حکومت عوام اور معیشت کو بچانے کیلئے اقدامات کرے،عالمی درجہ بندی میں کمی کو سنگین مسائل کا پیش خیمہ سمجھا جائے، ڈاکٹر مرتضی مغل

ہفتہ 15 دسمبر 2018 14:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2018ء) پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو افراط زر اور معیشت کو دبائو سے بچانے کیلئے فوری اقدامات کرے۔روپے کے اچانک زوال نے عوام اور کاروباری برادری کو حیران اور پریشان کیا ہوا ہے جبکہ سرمایہ کاروں نے غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر سرمایہ کاری روک دی ہے۔

ادھر ایک بین الاقوامی ادارے نے پاکستان کی درجہ بندی میں مزید کمی کر دی ہے جو سنگین مسائل کی ابتداء ثابت ہو سکتی ہے۔ ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے ایک بیان میں کہا کہ ملک کی قرض واپس کرنے کی صلاحیت اور زرمبادلہ کے ذخائرمسلسل کم ہو رہے ہیں۔اعلیٰ حکومتی عہدیدار وں کے مطابق روپے کی مزید بے قدری نہیں ہو گی جبکہ ماہرین انکی بات پر یقین کرنے کو تیار نہیں جس سے عدم استحکام جنم لے رہا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ گزشتہ سال کا انیس ارب ڈالر کی جاری حسابات کا خسارہ اور چھتیس ارب ڈالر کا تجارتی خسارہ روپے کو لے ڈوبا۔ ترسیلات سے اٹھارہ ارب ڈالر کی مدد ہوئی مگر یہ ناکافی ہے اور جب تک آئی ایم ایف سے قرضہ نہیں لیا جاتا معیشت مسلسل کمزور ہوتی رہے گی۔حکومتی اقدامات سے برامدات میں چار فیصد اضافہ اور درامدات میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے مگر یہ روپے کو مستحکم کرنے کے لئے ناکافی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت قیمتوں کو کنٹرول کرے، سرمائے کے فرار کو روکے اور انڈر انسوائسنگ کے خلاف اقدامات کرے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں