انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس کا اعلیٰ آفسران کے ساتھ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

تاجر برادری کے مسائل حل کرنے کیلئے مختلف کمیٹیوں کا اعلان ،کمیٹیوں میں پولیس اور تاجر برادری کے نمائندگان شامل ہوں گے

ہفتہ 15 دسمبر 2018 18:02

انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس کا اعلیٰ آفسران کے ساتھ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2018ء) انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس محمد عامر ذوالفقار خان نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل علی راجہ اور ڈی آئی جی سیکورٹی وقار احمد چوہان سمیت مختلف شعبوں کے ایس ایس پیز اور ایس پیز بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے آئی جی پولیس محمد عامر ذوالفقار خان نے تاجر برادری کے مسائل حل کرنے کیلئے مختلف کمیٹیوں کا اعلان کیا۔

انہوںنے کہا کہ کمیٹیوں میں پولیس اور تاجر برادری کے نمائندگان شامل ہوں گے اور کمیٹیاں متعلقہ مارکیٹ کی یونین کے ساتھ مل کر کرایہ داری کے تنازعات اور ٹریفک سمیت دیگر مسائل کو حل کریں گی ۔ انہوںنے کہا کہ کمیٹیاں مارکیٹوں میں سیکورٹی کیمرے لگانے، اسلام آباد میں ڈرگ کو کنٹرول کرنے اور تاجر برادری سمیت کمیونٹی کے دیگر مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں گی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ تھانوں کی مصالحتی کمیٹیوں میں بھی چیمبر کے نمائندگان کو شامل کیا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ کمیٹیاں بلیو ایریا کو بطور پائلٹ پراجیکٹ لیں گی اور پھر اس کامیاب تجربے کو دیگر مارکیٹوں کی طرف بڑھایا جائے گا۔ آجی جی پولیس نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کو وسائل کی کمی کا سامنا ہے لہذا تاجر براری اپنی اپنی مارکیٹ میں ضرورت کے مطابق سیکورٹی کیمروں کا بندوبست کرے جبکہ پولیس ان کو کیمروں کی تنصیب کی جگہ شناخت کرنے میں معاونت کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ مارکیٹ میں نصب کیمروں کیلئے ایک کنٹرول روم بنانے کی کوشش کی جائے گی جس میں تاجر برادری کے نمائندے بھی بیٹھے ہوں اور ان کنٹرول رومزکو پولیس کے مرکزی نگرانی سسٹم سے منسلک کیا جائے جس سے مارکیٹوں سمیت شہر میں سیکورٹی کی صورتحال بہتر ہو گی۔ انہوںنے کہا کہ چیمبر اور انڈسٹریل ایریاز کے نمائندگان کے تعاون سے صنعتی لیبر کو پولیس شناختی کارڈ جاری کرنے کی کوشش کرے گی جس سے ان علاقوں میںجرائم پر بہتر انداز میں قابو پایا جا سکے گی۔

انہوںنے کہا کہ اسلام آباد میں 489fکے کیسوں سے نمٹنے میں چیمبر اور تاجر برادری ہر ممکن تعاون کرے۔ انہوںنے کہا کہ کمیونٹی کے تعاون کے بغیر پولیس کیلئے امن و امان برقرار رکھنا بہت مشکل ہے جبکہ اسلام آباد میں پولیس فورس کی بھی قلت ہے لہذا اسلام آباد پولیس کمیونٹی کے ساتھ مل کر مسائل کو حل کرنے کی کوشش کرے گی۔ انہوںنے کہا کہ اسلام آباد میں 2کمیونٹی سنٹر قائم ہیں جبکہ ترنول اور سہالہ میں بھی کمیونٹی سنٹر قائم کئے جا رہے ہیں جس سے شہریوں کو بہتر خدمات فراہم ہوں گی۔

انہوںنے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں شہید ہونے والے پولیس کے ورثا کو 2کروڑ روپے بطور امداد ملتے تھے جبکہ اسلام آباد میں صرف 20لاکھ روپے دیئے جاتے تھے تاہم انہوں نے وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے اسلام آباد کے پولیس شہداد کے ورثا کیلئے بھی امدادی پیکج پنجاب اور کے پی کے برابر کر دیا ہے۔ انہوںنے یقین دہانی کرائی کہ پولیس چیمبر اور مارکیٹ ایسوسی ایشنوں کے تعاون سے تاجروصنعتکار برادری کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کرے گی۔

انہوںنے پولیس آفسران کو اجاگر کردہ مسائل کو حل کرنے کیلئے موقع پر ہی مختلف احکامات جاری کئے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آ باد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے تاجر برادری کو پولیس سے متعلقہ مسائل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں تھانوں کی سطح پر مصالحتی کمیٹیوں میں چیمبر کے نمائندگان کو شامل کیا جائے تا کہ مشترکہ کوششوں سے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی جائے۔

انہوںنے کہا کہ کسی بھی تاجر کے خلاف شکایت ہو تو کوئی ایکشن لینے سے پہلے متعلقہ مارکیٹ کی ایسوسی ایشن کو اعتماد میں لیا جائے تا کہ افہام و تفہیم سے مسائل حل کئے جائیں۔ انہوںنے کہا کہ اسلام آباد میں گداگروں اور بھکاریوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے لہذا پولیس اس مسئلے کا کوئی بہتر حل تلا ش کرے۔ انہوںنے کہا کہ موٹر سائیکل سواروں کو اپنی مخصوص لین پر چلنے کیلئے پابند کیا جائے جس سے ٹریفک مسائل کم ہوں گے۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ چیمبر مارکیٹوں اور شہر میں سیکورٹی کو بہتر کرنے کی کوششوں میں اسلام آباد پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر رافعت فرید، میاں اکرم فرید، ظفر بختاوری، یوسف راجپوت، ملک سہیل حسین، خالد چوہدری ،زاہد رفیق اور مختلف مارکیٹوں کے نمائندگان نے بھی آئی جی پولیس اسلام آباد کو مختلف مسائل سے آگاہ کیا اور آئی جی نے ان کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں