چینی بی آر آئی پروگرام کے تحت چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تکمیل و توسیع سے خطہ 21 ویں صدی کی عالمی معیشت کا محور بن جائے گا

دوست ممالک نے مشکل وقت میں ساتھ دیا، یہ آخری مرتبہ ہے کہ پاکستان نے مدد مانگی وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کا برکی انسٹیٹیوٹ آف پبلک پالیسی کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب

بدھ 16 جنوری 2019 15:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ چین کے بی آر آئی پروگرام کے تحت چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کی تکمیل اور توسیع سے یہ خطہ 21 ویں صدی کی عالمی معیشت کا محور بن جائے گا، پاکستان کے دوست ممالک نے مشکل وقت میں ساتھ دیا ہے ، یہ آخری مرتبہ ہے کہ پاکستان نے مدد مانگی ہے۔

وہ بدھ کو برکی انسٹیٹیوٹ آف پبلک پالیسی(بی آئی پی پی) کے زیر اہتمام سالانہ رپورٹ کے اجراء کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کے تعلقات روایتی تعلقات سے بڑھ کر ہیں، چین نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور حالیہ مشکل وقت میں بھی سعودی عرب کی طرح چین نے مدد کی ہے۔انھوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور دیگر دوست ممالک سمیت سب کو یقین دہانی کراتا ہوں کہ یہ آخری مرتبہ ہے کہ پاکستان نے مدد لی ہے،ان مسائل پر قابو پانے کے لیے ایک وژن اور گرینڈ پلان کی ضرورت تھی اور ہم اس سلسلے میں سنجیدہ کوششیں کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیرخزانہ نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری بی آر آئی پروگرام کا بہت ہم حصہ ہے ، سی پیک پاکستان اور چین کا دوطرفہ شراکتی منصوبہ ہے تاہم دونوں ممالک کی قیادت نے سی پیک کے تحت انفرادی منصوبوں میں تیسرے ملک کو شمولیت کی دعوت دینے پر اتفاق کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کا بنیادی مقصد منصوبے کو علاقائی سطح پر توسیع دینا ہے جس کے تحت شمال سے جنوب کے ساتھ ساتھ مغرب کی سمت بھی رابطہ کاری کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے خیال میں اگر بھارت میں بھی ایسی قیادت آجائے جس کا وژن وسیع ہو اور وہ فوری فائدہ سے آگے بڑھ کر سوچ سکے تو یہ رابطہ کاری مشرق کی سمت بھی بڑھائی جاسکتی ہے۔اسد عمر نے کہا کہ سی پیک پاکستان اور پورے خطے کے لیے اہم منصوبہ ہے جس کی تکمیل اور وسعت سے یہ خطہ 21 ویں صدی میں عالمی معیشت کا محور بن سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اس منصوبے سے محض استفادہ کرنے والا ملک نہیں ہوگا بلکہ اس کے ذریعے علاقائی معیشت میں بھی کردار ادا کرنے کا خواہاں ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں